سیم کرن آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے

انگلش ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر سیم کرن انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل کی فرنچائز پنجاب کنگز نے 2023 کے ایڈیشن کے لیے انگلش فاسٹ بولر سیم کرن کو ساڑھے 18 کروڑ بھارتی روپے میں خرید کر سب کو حیران کر دیا۔حال ہی میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے سیم کرن بھارت کے شہر کوچی میں ہونے والی آکشن میں سب سے مہنگے داموں نیلام ہوئے۔سیم کرن پنجاب کنگز سے قبل چنئی سپر کنگز اور پی بی کے ایس کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں لیکن 2019 سے پنجاب کنگز کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔سیم کرن نے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے آل رائونڈر کرس مورس کا ریکارڈ توڑ جنہیں راجستھان رائلز نے ساڑھے 16 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔

 

انگلش فاسٹ بولرآئی پی ایل میں اب تک 32 میچز میں 32 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور انہوں نے چنئی سپر کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے بیٹنگ کے دوران بھی کئی اچھی اننگز کھیل رکھی ہیں اور وہ 32 میچز میں 995 رنز سکور کر چکے ہیں۔سیم کرن کے فوری بعد ممبئی انڈینز نے آسٹریلیا کے آل رائونڈ کیمرون گرین کو ساڑھے 17 کروڑ بھارتی روپے میں خرید کر سب کو دنگ کر دیا۔ اس کے علاوہ چنئی سپر کنگز نے انگلش آل رائونڈر بین سٹوکس کو 16 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے میں اپنا حصہ بنایا۔

تعارف: newseditor