سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ حکومت کی تبدیلی سے بورڈ کا چیئرمین بھی تبدیل ہوتا ہے، عمران خان کی حکومت کے بعد رمیز راجہ کو خود چلے جانا چاہیے تھا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے دور میں ہر بندہ دکھی دکھائی دیا۔عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بورڈ ملازمین، فرنچائز مالکان سمیت ان کے ساتھی کھلاڑی بھی دکھی دکھائی دیے۔انہوں نے کہا کہ 6 ٹیموں سے پاکستان کرکٹ 200 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی تھی، رمیز راجہ کا رویہ ون مین شو رہا ہے، جسے وہ خود بھی تسلیم کرتے رہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی ڈپارٹمنٹ کرکٹ بحال کرنا چاہتے ہیں اس سے کھلاڑیوں کا پول بڑھے گا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ رمیز راجہ کے پاس کام کرنے کا موقع تھا اب نجم سیٹھی کو کام کرنے دیں۔