کراچی گیمز 2023 کے سلسلے میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں رولر اسکیٹنگ(رول بال) کے 2 روزہ مقابلے

کراچی گیمز 2023 کے سلسلے میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں رولر اسکیٹنگ(رول بال) کے 2 روزہ مقابلے منعقد ہوئے، تقریب کے مہمان خصوصی عمان کے قونصل جنرل انجینئر سامعی عبداللہ ال خنگری تھے جنہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کے ہمراہ شرکت کی، اس موقع پر عمان قونصلیٹ کی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھی،عمان کے قونصل جنرل انجینئر سامعی عبداللہ ال خنگری نے رولر اسکیٹنگ کے مقابلے میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ رولر اسکیٹنگ آسان کھیل نہیں ہے اس میں اپنے پورے وجود کو سنبھالنا پڑتا ہے اور بہت ہی مہارت کے ساتھ اسے کھیلا جاتا ہے

 

 

انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں جس طرح وسیع پیمانے پر سٹی گیمز کے حوالے سے مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا ہے وہ اس شہر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کھلاڑیوں کیلئے بہت حوصلہ افزاء ہے کیونکہ ان کھیلو ں میں حصہ لینے سے ان نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا اور جو کھلاڑی اپنے کھیل میں مہارت کے ساتھ کامیابی حاصل کررہے ہیں ان کے لئے آئندہ بھی کھیل کے اور دیگر پلیٹ فارم موجود رہیں گے

 

 

 

انہوں نے اپنی مخصوص انداز میں ”کراچی کھیلے گا“ کہتے ہوئے ”پاک عما ن دوستی زندہ باد“ کے نعرے بھی لگائے، انہوں نے اردو زبان میں بھی گفتگو کی جسے وہاں موجود کھلاڑیوں اور شرکاء نے بہت سراہا، عمان کے قونصل جنرل نے ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو کراچی گیمز 2023 کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس طرح کی صحت مند سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی

 

 

 

قبل ازیں مہمان خصوصی رولراسکیٹنگ کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں پیش کیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے تقریب میں مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں

 

 

 

اس موقع پرپاکستان رول بال فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری سمیر چرانیہ اور سندھ رولر اسپورٹس ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری مسز سمیر چرانیہ بھی موجود تھیں، رولر اسکیٹنگ کے مقابلوں کے نتائج کے مطابق بوائز کیٹیگری کیلئے مختلف ڈسٹرکٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا جس میں پہلی پوزیشن ڈسٹرکٹ ایسٹ نے، دوسری پوزیشن ڈسٹرکٹ ساؤتھ نے اور تیسری پوزیشن ڈسٹرکٹ ویسٹ نے حاصل کرلی جبکہ 11 مارچ کو ہونے والے فائنل مقابلوں میں گرلز کیٹیگری میں ڈسٹرکٹ سینٹرل نے پہلی، ڈسٹرکٹ ایسٹ نے دوسری اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تعارف: newseditor