ایشیا لائنز کے اوپنرز اوپل تھرنگا اور تلکارتنے دلشان نے نصف سنچریاں بنا کر ورلڈ جائنٹس کو شکست دیکر سکائی نیٹ ایل ایل سی ماسٹرز کے نئے چیمپیئن بن گئی۔ دوحہ کے ایشین ٹاؤن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ایشیا لائنز نے 7 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی ۔ تھرنگا اور دلشان نے 9.6 اوورز میں 115 رنز کی شراکت قائم کی۔ دلشان نے 42 گیندوں پر 8 چوکے لگا کر 58 رنز بنائے جبکہ تھرنگا نے 28 گیندوں پر پانچ چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔
ایشیا لائنز نے کیلس کی 54 گیندوں پر 5 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے باوجود ورلڈ جائنٹس کو 4 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز تک محدود کردیا۔ کیلس نے راس ٹیلر کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 11.1 اوورز میں 92 رنز کی شراکت قائم کی جنہوں نے 33 گیندوں پر 3 چوکے لگا کر 32 رنز بنائے۔
ورلڈ جائنٹس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایشیا لائنز کے اوپنرز اوپل تھرنگا اور تلکارتنے دلشان نے حریف ٹیم کے باؤلرز کا آسانی سے مقابلہ کیا ۔ اس جوڑی نے 4.5 اوورز میں 50 رنز کی شراکت قائم کی جس میں تھرنگا نے پاول کو چھکا لگایا۔
ایشیا لائنز کو آخری دس اوورز میں صرف 33 رنز درکار تھے ۔ دلشان کو جب پٹیل نے 58 رنز پر آؤٹ کیا تو جیت کے لیے 41 گیندوں پر صرف 16 رنز درکار تھے۔ محمد حفیظ اور مصباح الحق نے 9، 9 رنز بنا کر ناقابل شکست رہتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ میچ میں ورلڈ جائٹنس نے مقررہ 20 اوورز میں 147 رنز بنائے ایشیا لائنز کو جیت کے لئے 148 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 16.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ عبدالرزاق کو کھیل کا جبکہ اوپل تھرنگا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔