پاکستانی کوہ پیما خاتون نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں جبکہ شہروز کاشف دنیا کی 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر کوہ پیما بن گئے ہیں۔ 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کوہ پیما خاتون نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ نائلہ کیانی نے نیپال کی 8 ہزار 91میٹر اونچی دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا کو سر کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

اس خبر کی تصدیق نائلہ کیانی کے انسٹاگرام سے کی گئی ہے، نائلہ کیانی اس چوٹی کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں، نائلہ کیانی پیر کی صبح ماؤنٹ انا پورنا کے ٹاپ پر پہنچیں۔ انہوں نے پاکستانی کوہ پیماء شہروز کاشف کے ساتھ ہی انا پورنا کو سر کیا۔

6رکنی کوہ پیماؤں کی ٹیم میں 2 پاکستانیوں کے ساتھ بھارت کے ارجن واجپائی بھی شامل تھے۔ نائلہ کیانی اس سیزن میں ماؤنٹ ایوریسٹ اور لوٹسے بھی سر کریں گی۔ نائلہ 8 ہزار میٹر سے بلند 4 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔

اس سے قبل نائلہ نے دنیا کے 13ویں بلند ترین پہاڑ گاشر برم ٹو کو فتح کرکے پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ، وہ پہلی  کوہ پیما بھی ہیں جنھوں نے اپنی پہلی مہم میں ہی آٹھ ہزار میٹر کی چوٹی فتح کی تھی ۔

علاوہ ازیں پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف دنیا کی 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر کوہ پیماء بن گئے ہیں۔ شہروز کاشف نے بھی آج اناپورنا چوٹی کو سر کیا ہے، شہروز کاشف اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرچکے ہیں۔

 

error: Content is protected !!