قائداعظم ٹرافی : سرفراز احمد اور اسد شفیق کی ناقابل شکست سنچریاں.

 

قائداعظم ٹرافی : سرفراز احمد اور اسد شفیق کی ناقابل شکست سنچریاں، ڈبل سنچری پارٹنرشپ
کامران غلام اور عبدالفصیح کی بھی سنچریاں۔

 

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی ریجن وائٹس نے کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز 5 وکٹوں پر434 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔

 

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے تیسرے دن کراچی وائٹس نے203 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی۔سرفراز احمد نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے128 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 15 ویں سنچری ہے۔

اسد شفیق نے108 رنز اسکور کیے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے ان کی اننگز میں 13 چوکے شامل تھے۔یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 29 ویں سنچری ہے۔

سرفراز احمد اور اسد شفیق نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 234 رنز کا اضافہ کیا۔
کھیل کے اختتام پر فیصل آباد نے اپنی پہلی اننگز میں 63 رنز بنائے تھے اور اس کی 6 وکٹیں گرچکی تھیں۔آفتاب ابراہیم نے 14رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں راولپنڈی اور لاہور ریجن وائٹس کے درمیان میچ کے تیسرے دن لاہور ریجن وائٹس نے تین وکٹوں پر407 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں راولپنڈی نے ایک وکٹ کے نقصان پر232 رنز بنائے تھے۔ عبدالفصیح 113 اور اشفاق احمد51 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔دونوں دوسری وکٹ کی شراکت میں 125رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔ اس سے قبل عبدالفصیح اور حسن رضا نے پہلی وکٹ کے لیے 107 رنز کا اضافہ کیا تھا۔

 

پشاور ریجن اور ملتان ریجن کے درمیان شعیب اختر اسٹیڈیم پنڈی میں ہونے والے میچ کے تیسرے دن پشاور ریجن کی ٹیم پہلی اننگز میں 263رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس میں کامران غلام کی سنچری قابل ذکر تھی۔انہوں نے117 رنز اسکور کیے۔سراج الدین نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

 

ایبٹ آباد میں فاٹا اور لاہور بلوز کے درمیان میچ کے تیسرے دن فاٹا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں پر 127 رنز بنائے تھے سلمان خان 66 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے
اس سے قبل لاہور بلوز کی ٹیم پہلی اننگز میں 314 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ وقاص احمد53 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ قاسم اکرم نے 51 رنز اسکور کیے۔عاکف جاوید اور ایمل خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

 

 

error: Content is protected !!