پشاور انڈر 19 کی ٹیم نے قومی انڈر 19 چیمپئن شپ جیت لی

 

پشاور انڈر 19 کی ٹیم نے قومی انڈر 19 چیمپئن شپ جیت لی

فائنل میں کراچی وائٹس انڈر 19 کو ایک وکٹ سے شکست

 

پشاور انڈر19 نے کراچی وائٹس انڈر 19 کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر قومی انڈر 19 چیمپئن شپ جیت لی۔

رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے اس چار روزہ فائنل کا پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ پشاور نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے 75 اوورز کی بیٹنگ میں9 وکٹوں پر 333رنز بنائے تھے۔سعد بیگ 96، وہاج ریاض 85 اور علی حسن 57 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے تھے۔

پشاور کی طرف سے لیگ اسپنر احمد حسین نے 61 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔نجب خان نے96 رنز کی اننگز کھیلی۔
کراچی وائٹس کی طرف سے میڈیم فاسٹ بولر فہد امین نے 50 رنز کے عوض5 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں 113 رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد کراچی وائٹس کی ٹیم دوسری اننگز میں 164رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔علی حسن نے 46 رنز اسکور کیے۔شعیب آفریدی نے 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور کو میچ جیتنے کے لیے 278 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پشاور کی طرف سے افکار درانی نے 75 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ احمد حسین نے 44 رنز اسکور کیے نجب خان نے 41رنز بنائے۔

کراچی وائٹس کی طرف سے طیب حسین اور نوید احمد دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

 

 

error: Content is protected !!