نیپال میں جاری ساف ویمن چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ بھی ہار گئی جس کے بعد اب وہ ٹائٹل کی دوڑ سے بھی باہر ہو گئی ہے، قومی فٹبال ٹیم اپنا آخری گروپ میچ تیرہ ستمبر کو مالدیپ کیخلاف کھیلے گی ،پاکستانی خواتین بنگلہ دیش کی مضبوط ٹیم کیخلاف زیادہ مزاحمت نہ کرسکی اور اسے 0-6 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔کٹھمنڈو میں جاری ساف چیمپئن شپ میں ہفتے کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم ابتدا سے ہی چھائی رہی اور اپنے تجربے سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے پاکستان ٹیم پر دبا بنائے رکھا۔مونیکا چکما نے تیسرے منٹ میں گول کر کے بنگلہ دیش کو برتری دلائی، 28 ویں منٹ میں موسمات شوپنا نے ایک اور گول کردیا۔میچ کے 31ویں اور 35ویں منٹ میں سبینہ خاتون نے گول کر کے اسکور 0-4 کردیا۔ دوسرے ہاف میں ریتو پورنا نے بنگلہ دیش کی جانب سے پانچواں اور سبینہ خاتون نے اپنا دوسرا اور ٹیم کے لیے چھٹا گول داغ دیا۔خیال رہے کہ قومی ویمن ٹیم کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں بھارت سے 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔