ہنگری کے شہر بداپسٹ میں جاری سکس اے سائیڈ سوکا ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ میکسیکو کے بعد آج موریشیس سے ہو گا، پاکستان کو گروپ جی میں رکھا گیا ہے جس میں پاکستان کا مقابلہ سکاٹ لینڈ، آئر لینڈ، میکسیکو اور موریشیس جیسی ٹیموں سے ہوگا۔ تمام میچز جیو سپر پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔پاکستانی سکواڈ میں دانیال نزاری، شبان حسین، طیب حیات، نیمان خان، شاداب رضا، امان جنجوعہ، مجتبی قریشی، کریم کرئی، رنیم ہدی، افان صدیقی، شبیل علی، احمد طاہا، حمزہ ابراہیم شامل ہیں، جبکہ گوہر زمان کوچ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
لیژر لیگ اور ورلڈ گروپ ٹرنک والا نے انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔لیژر لیگ کو پاکستان میں متعارف کرانے والے چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا کا کہنا تھا کہ محنتی اورباصلاحیت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارم تک رسائی دیتے رہیں گے۔ لیژر لیگ دنیا کو پاکستان کا روشن اور مثبت چہرہ دکھانا چاہتی ہے۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد اور ملک میں فٹبال میچز کا انعقا د لیژر لیگ کی بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے سربراہ ندیم عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹبال میں ٹیلینٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ فٹبال کے حوالے سے کافی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، جنہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے لیژر لیگ کوشاں ہے۔
سوکا ورلڈ کپ کے وائس پرزیڈینٹ شاہزیب ٹرنک والا نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ٹرنک والا فیملی کی خواہش ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر بھی فٹبال میں نمایاں مقام حاصل ہو۔ ہم نے گذشتہ امسال پُرتگال اور گریس میں منعقدہ سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی شرکت کو یقینی بناکر بنیاد فراہم کردی ہے، ہم نے پاکستانی فٹبالرز کو انٹرنیشنل پلیٹ فارم فراہم کردیا ہے اور اب پلیئرز پر منحصر ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلائیں۔