کرکٹ کے مختصر اور مشہور فارمیٹ ٹی ٹین میں نئی ٹیم کے شمولیت کا اعلان کر دیا گیا نئی ٹیم کا نام” نیو یارک اسٹرائیکرز “ہو گا ۔ابوظبی ٹی ٹین کے چھٹے سیزن میں کل آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔یوراج سنگھ ٹیم مینٹور ہوں گے جو اس سے قبل ابوظبی ٹی ٹین کھیل چکے ہیں ۔امریکہ کے معروف کاروباری ادارے سکائی اسٹرائیکرز کے شریک بانی مسٹر ساگر نیویارک اسٹرائیکرز کے اکیلے مالک ہیں اس حوالے سے مسٹر ساگر کا کہنا تھا کہ ابوظبی ٹی ٹین میں شمولیت احسن قدم ہے کیونکہ کرکٹ کے فروغ کے لئے ابوظبی ٹی ٹین بہت اہمیت کا حامل ہو چکا ہے جس کا مستقبل روشن ہے اور ہمیں قوی امید ہے کہ ٹی ٹین میں شمولیت سے کرکٹ کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا اور اسے دیگر ممالک تک پروموٹ کریں گے ”نیو یارک اسٹرائیکرز“ کی شمولیت سے چھٹا سیزن ایک یادگار سیزن ہوگا ۔
کیرون پولارڈز نیو یارک اسٹرائیکرزکے آئیکون پلیئر جبکہ آئن مورگن ، پاکستانی کرکٹر اعظم خان اور پال سٹرلنگ بھی اسی ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ چیئرمین ٹی ٹین اسپورٹس منیجمنٹ شجیع الملک نے نیو یارک اسٹرائیکرزکا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد ٹی ٹین کو کرکٹ کے عالمی کیلنڈر میں نمایاں مقام تک پہنچانا ہے ۔ٹی ٹین کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے امریکہ سے دو ٹیموں کی شمولیت خوش آئند ہے اور ٹی ٹین کی کامیابی کی نوید بھی ۔ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے ٹی ٹین کے ناظرین میں بھی یقینااضافہ ہو گا۔ یاد رہے کہ ابوظبی ٹی ٹین کا آغازرواں سال نومبر کے آخری عشرہ میں میں ہو گا اور اس کا فائنل شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبی میں چار دسمبر کو کھیلا جائے گا جس میں کل آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی اور یہ لیگ دس روز تک کھیلی جائے گی