انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنی شاندار بیٹنگ سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی سے تیز ترین 8 ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی چھین لیا ہے۔بابر اعظم نے انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 11 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 66 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔انہوں نے 227 میچز کی 218 اننگز میں تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے کا اہم سنگ میل عبور کیا۔
اس سے قبل بھارتی بلے باز ویرات کوہلی 257 میچز کی 243 اننگز میں 8 ہزار رنز بنا کر تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے پلیئرز میں دوسرے نمبر پر تھے۔کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے کی فہرست میں پہلے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل براجمان ہیں۔بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹر کرس گیل نے یہ ریکارڈ 217 میچز کی 213 اننگز میں حاصل کیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی ڈبل سنچری پارٹنر شپ کی بدولت انگلینڈ کے خلاف بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔