پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نوازنے سے متعلق اپنی پالیسی کے تحت نئے ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ماہانہ وظائف کی رقم میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ اعلان بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے بی او جی کا 70واں اجلاس آج کراچی میں ہوا۔ اعلان کردہ نیا ڈومیسٹک کنٹریکٹ ستمبر 2022 سے اگست 2023 تک لاگو ہوگا۔اس سے قبل چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے عہدہ سنبھالتے ہی پانچوں کیٹیگریز میں شامل تمام ڈومیسٹک کرکٹرز کے ماہانہ وظائف کی رقم میں ایک ایک لاکھ روپے بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
حالیہ اضافے کے بعد قائداعظم ٹرافی کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردی گئی ہے۔اسی طرح پاکستان کپ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کی میچ فیس کو بڑھا کر بالترتیب 40 ہزار اور 60 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔
ڈومیسٹک ٹیموں میں شامل نان پلیئنگ ممبرز کی ریڈ بال کی میچ فیس 16 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔اسی طرح وائٹ بال کرکٹ کے میچز میں شریک ڈومیسٹک ٹیموں کے نان پلیئنگ ممبرز کی میچ فیس 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
نان فرسٹ کلاس فور ڈے کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کی میچ فیس 25 سے بڑھا کر 40 ہزار روپے کردی گئی ہے۔وائٹ بال کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج اور کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹی ٹوئنٹی کی میچ فیس 15 سے بڑھا کر 25 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔
ریڈ اور وائٹ بال کھیلنے والے نان پلیئنگ ممبرز کو اب بالترتیب 10 اور 15 ہزار روپے ملیں گے۔لہٰذا اب ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی اے پلس کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کو مجموعی طور پر 61 لاکھ اور ڈی کیٹیگری میں شامل کھلاڑی کو 43 لاکھ روپے کا معاوضہ ملے گا۔اس میں نئی میچ فیس اور ماہانہ وظائف کی رقم میں کیا گیا اضافہ شامل ہے۔ اس رقم میں پی سی بی کے کسی بھی ایونٹ کی انعامی رقم شامل نہیں ہے۔
قائداعظم ٹرافی کی انعامی رقم ایک کروڑ 70 لاکھ روپے ہے، جس میں سے ایک کروڑ روپے قائداعظم ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو دیے جائیں گے۔پاکستان کپ کی انعامی رقم 50 لاکھ روپے مقرر کردی گئی ہے، اسی طرح نیشنل ٹی ٹوئنٹی کی انعامی رقم 87 لاکھ روپے مقرر کی جاچکی ہے۔
کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ، کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج، کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرنے والے کھلاڑی اب ڈیلی الاؤنس، ماہانہ وظیفہ اور میچ فیس کی مد میں تقریباََ 11 لاکھ روپے کمائیں گے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ پاکستان کرکٹ کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور وہ اس برانڈ کی پذیرائی کے لیے ہر ممکن سرمایہ کاری کریں گے۔ اس ضمن میں وہ سفارشات جمع کروانے پر بی او جی کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایلیٹ کرکٹرز نے حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ کی سہولیات پر خوشی کا اظہار کیا، اس تناظر میں میرٹ کی بنیاد پر تقرریاں کی گئی ہیں۔ندیم خان کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کی جانب سے اعلیٰ معیار کی براڈکاسٹ کوریج، میرٹ کی بنیاد پر سلیکشن اور شاندار لاجسٹک معاملات کی گفتگو کر رہے ہیں۔