قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ میرا ابھی ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں، جب تک میں کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں کھیلتا رہوں گا۔ایک انٹرویو میں شعیب ملک نے کہا کہ کبھی کسی کھلاڑی کی عمر کو جواز بنا کر اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، میں اپنی بات نہیں کر رہا لیکن اگر کسی نے اپنے ملک کیلئے طویل عرصے تک خدمات انجام دی ہوں اور اسے بہت تجربہ بھی ہو تو اس سے استفادہ کرنا چاہیے، جب میں ٹیم میں آیا تو کئی لیجنڈز ساتھ موجود تھے۔شعیب ملک نے مزید کہا کہ میں نے دنیا کے عظیم کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے بہت کچھ سیکھا، ان کی محنت دیکھی کہ وہ کس طرح اپنی کارکردگی کا معیار برقرار رکھتے ہیں، کیسی فزیکل ٹریننگ کرتے ہیں
اپنی سکلز کو بہتر بنانے کیلئے کس طرح پریکٹس کرتے ہیں، اس سے بہت ایڈوانٹیج ہوتا ہے لیکن ہمارے کلچر میں عدم تحفظ بہت زیادہ ہے، یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ کوئی آ کر آپ کی جگہ چھین لے گا، اپنی صلاحیت پر یقین ہونا چاہیے، مجھے ہمیشہ بڑے کھلاڑیوں نے خود پر یقین رکھنے کا ہی سبق سکھایا،اس سے آپ کو کبھی عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوتا۔آل رائونڈر کا کہنا تھا کہ میں اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور ابھی ریٹائر ہونے کا بالکل بھی نہیں سوچا، جب کبھی ایسا کوئی فیصلہ کیا تو سب کو پتا چل جائے گا، میرا فوکس صرف کھیل پر ہی ہے، البتہ اہل خانہ کی مشاورت سے ملک سے دور ہونے والی لیگز میں شرکت کم کر دی، سری لنکا اور بنگلہ دیش جیسی لیگز میں حصہ لے رہا ہوںشعیب ملک نے کہا کہ پہلے میں ہر لیگ میں کھیل رہا تھا اب ایسا نہیں ہے، اس سے مجھے فارغ وقت بھی مل جاتا ہے، جب کبھی ایسا لگا کہ بوجھ بنتا جا رہا ہوں تو خوشی سے کھیل کو الوداع کہہ دوں گا، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیگز سمیت ہر طرز پر لاگو ہوگا۔