اوور 40 ورلڈ کپ 2026 — پاکستان نے آسٹریلیا کو آخری گیند پر ہرا کر ٹرافی اٹھا لی
آسٹریلیا کو شکست! پاکستان نے اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا
گیانا : پاکستان ماسٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ (IMC) اوور-40 ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل جیت لیا۔
گیانا نیشنل سٹیڈیم، پروویڈنس میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 اوورز میں 6 وکٹ پر 281 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے گریگ ہنٹ نے شاندار سنچری اسکور کی، 102 گیندوں پر 103 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
کپتان سٹیو پالسن نے 76 گیندوں پر 70 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے سید فرید الدین نے 9 اوورز میں 40 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات تباہ کن رہی اور صرف 36 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں، پھر 103 پر 5 آؤٹ ہو کر ٹیم شدید دباؤ میں آ گئی۔
اس مشکل صورتحال میں وکٹ کیپر عدنان اکمل اور جواد منصور نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 115 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
عدنان اکمل نے 84 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 83 رنز بنائے جبکہ جواد منصور نے 57 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 62 رنز اسکور کیے۔
دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ پھر پھنس گیا اور پاکستان کو آخری 3 گیندوں پر 2 رنز درکار تھے اور صرف ایک وکٹ باقی تھی۔
یہاں فرید الدین نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ناقابل شکست 24 رنز 16 گیندوں پر بنائے جس میں 2 اہم چھکے شامل تھے، اور کپتان جنید نینیتال والا نے پینلے کو کور کے اوپر سے چوکا لگا کر آخری سے پہلی گیند پر پاکستان کو تاریخی فتح دلا دی۔
پاکستان نے 44.5 اوورز میں 282/9 بنا کر ایک گیند قبل میچ جیت لیا۔ فرید الدین کو آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یہ ٹورنامنٹ 17 سے 31 اکتوبر تک گیانا میں کھیلا گیا جس میں 15 ملکوں کی ٹیموں نے 64 میچز میں حصہ لیا۔
مختصر سکور:
آسٹریلیا 281/6 (45 اوورز) - گریگ ہنٹ 103، سٹیو پالسن 70، سید فرید الدین 4/40
پاکستان 282/9 (44.5 اوورز) - عدنان اکمل 83، جواد منصور 62، فرید الدین 24 ناٹ آؤٹپاکستان چیمپئن!