کرکٹ

ایل آر سی اے کا تمام گراؤنڈ اتھارٹیز اور زونل عہدیداران کے لیے اہم ہدایت نامہ جاری

لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کا تمام گراؤنڈ اتھارٹیز اور زونل عہدیداران کے لیے اہم ہدایت نامہ جاری

اسکول کرکٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر خواجہ ندیم احمد کا اظہارِ تشکر، گراؤنڈ اتھارٹیز، ٹورنامنٹ کمیٹی اور کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کی خدمات کو خراجِ تحسین

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے تمام گراؤنڈ اتھارٹیز اور زونل عہدیداران کے لیے اہم ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے آئندہ شیڈول ہونے والے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) اور لاہور ریجن کے مقابلوں کے لیے گراؤنڈز کی دستیابی، 

میچ شیڈولنگ اور انتظامی امور میں باہمی رابطے اور مکمل تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

خواجہ ندیم احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک بھر میں اسکول کرکٹ کے مقابلے جاری ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لاہور ریجن میں اسکول کرکٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ 2 نومبر 2026ء کو کامیابی کے ساتھ مکمل ہو رہا ہے، 

جس کے تحت مجموعی طور پر 132 میچز شیڈول کیے گئے تھے۔ اس مرحلے کا کامیاب انعقاد لاہور ریجن کی تمام گراؤنڈ اتھارٹیز، ٹورنامنٹ کمیٹی اور کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ محنت، بہترین منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا نتیجہ ہے۔

صدر لاہور ریجن نے ان تمام اداروں اور ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسکول کرکٹ جیسے بڑے پروگرام کو منظم انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچانا ایک مشترکہ ٹیم ورک کا تقاضا کرتا ہے۔

 تمام گراؤنڈ اتھارٹیز نے گراؤنڈز کی فراہمی اور انتظامات، ٹورنامنٹ کمیٹی نے مقابلوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی جبکہ کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ نے شیڈولنگ، میچ آفیشلز کی تعیناتی اور دیگر انتظامی امور میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔ ان تمام کاوشوں پر وہ سب مبارکباد اور خصوصی خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

خواجہ ندیم احمد نے مزید بتایا کہ اسکول کرکٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو) کا اعلان جلد کیا جائے گا، جبکہ لاہور ریجن انڈر 15 اور انڈر 17 کرکٹ چیمپئن شپ کے مقابلوں کا شیڈول بھی جاری کیا جا رہا ہے۔ 

ان مسلسل سرگرمیوں کے پیش نظر تمام گراؤنڈ اتھارٹیز اور زونل عہدیداران کو ہدایت کی گئی ہے کہ PCB یا لاہور ریجن کے میچز جن تاریخوں میں شیڈول ہوں،

 ان دنوں زونل میچز کی تعداد حتی الامکان کم رکھی جائے یا ان سے گریز کیا جائے، تاکہ میچ آفیشلز کی دستیابی اور بروقت تعیناتی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب بھی پاکستان کرکٹ بورڈ یا لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کسی گراؤنڈ پر میچز مختص کیے جائیں تو متعلقہ تاریخوں میں پہلے سے موجود نجی بکنگ یا زونل میچز کو منسوخ یا متبادل تاریخوں پر منتقل کیا جائے،

 تاکہ مختص شدہ گراؤنڈز مکمل طور پر PCB اور لاہور ریجن کے مقابلوں کے لیے دستیاب رہیں۔ ان میچز کے انعقاد کو گراؤنڈز کی دستیابی اور انتظامی ترجیحات میں اولین حیثیت دی جائے۔

خواجہ ندیم احمد نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کا بنیادی مقصد کرکٹ سرگرمیوں کو منظم، شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں فروغ دینا ہے۔ 

یہ مقصد تمام متعلقہ شعبوں کے باہمی تعاون، ذمہ داری اور ٹیم ورک سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہماری گراؤنڈ اتھارٹیز،

 ٹورنامنٹ کمیٹی اور کرکٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ نے ہمیشہ ادارے کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں۔ 

امید ہے کہ آئندہ بھی اسی جذبے اور یکسوئی کے ساتھ لاہور ریجن میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Related Articles


Back to top button