ٹٰینس

سینئر ٹینس میں پاکستان کی دھاک، پٹایا میں بڑا چیلنج

پاکستان سینئر ٹینس ٹیم ITF ماسٹرز MT400 کے لیے تیار، آج سے پٹایا میں مقابلے شروع

پٹایا، تھائی لینڈ: پاکستان کی چار رکنی سینئر ٹینس ٹیم ITF ماسٹرز MT400 ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے تیار ہے، جو ہفتہ 21 نومبر 2026ء سے گریٹا اسپورٹس کلب، جومتین، پٹایا، تھائی لینڈ میں شروع ہو رہا ہے۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت سینئر ٹینس اسٹار، سابق نیشنل چیمپئن اور ڈیوس کپر راشد احمد ملک (ستارہ امتیاز و تمغہ امتیاز) کر رہے ہیں۔ ٹیم میں وقار نثار، خرم امتیاز اور فرقان الدین خان شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی اس باوقار انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت دی بینک آف پنجاب، لاہور جمخانہ کلب، جے ڈی ڈبلیو گروپ، ریوائیو بائی گیٹوریڈ اور جمال پولیمرز کے تعاون سے ممکن ہوئی ہے۔ 

کھلاڑیوں نے اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے پاکستان کے سینئر ٹینس ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر سامنے لانے میں مدد مل رہی ہے۔

پاکستان اپنی مہم کا آغاز ہفتہ کو کرے گا۔ مینز 70+ سنگلز میں وقار نثار کا مقابلہ جاپان کے آرائی یوتاکا سے ہوگا۔ مینز 55+ سنگلز میں فرقان الدین خان بھارت کے جے پرکاش نشاد کے مدمقابل ہوں گے، جبکہ خرم امتیاز کا سامنا منگولیا کے ساندوجاو بیاسگلان سے ہوگا۔

ایک بار پھر سب کی نظریں راشد احمد ملک پر ہوں گی، جنہوں نے حال ہی میں رائل کلف ہوٹل، پٹایا میں ہونے والے ITF ماسٹرز MT700 ٹورنامنٹ میں مینز 55+ ڈبلز کا ٹائٹل جیتا تھا۔

اپنی جیت کی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے راشد ملک MT400 میں مینز 55+ اور 60+ ڈبلز کیٹیگریز میں حصہ لیں گے، ان کی مہم پیر سے شروع ہوگی۔

ٹورنامنٹ سے قبل جمعہ کو پاکستانی ٹیم نے گریٹا اسپورٹس کلب میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور ٹریننگ سیشن کیا، جہاں انہوں نے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور آخری تیاریوں کو حتمی شکل دی۔

پاکستانی ٹیم MT700 ٹورنامنٹ کی کارکردگی کو آگے بڑھاتے ہوئے انٹرنیشنل ماسٹرز ٹینس سرکٹ میں پاکستان کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

Related Articles


Back to top button