سری لنکن بیٹر چندیمل اور اسٹار بیٹر بابر اعظم کی گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل
دنیش چندیمل کی بابر اعظم سے آخری خواہش، دستخط شدہ شرٹ مانگ لی
اسلام آباد ; سری لنکن بیٹر دنیش چندیمل نے پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم سے نہایت خلوص اور محبت کے ساتھ ان کے دستخط شدہ شرٹ کی فرمائش کی۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی گفتگو کے مطابق دنیش چندیمل نے بابر اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ "براہِ کرم میرا ایک کام کر دیجیے، مجھے آپ کے دستخط والی شرٹ درکار ہے کیونکہ میں آخری مرتبہ آپ کے مدمقابل کھیلا ہوں،" جس پر بابر اعظم نے مسکراتے ہوئے نہایت خوش اخلاقی سے جواب دیا کہ "میں ضرور کوشش کروں گا۔"
یہ لمحہ وہاں موجود سب کے لیے کافی جذباتی تھا۔ دنیش چندیمل کے لہجے میں بابر اعظم کے لیے عزت اور محبت صاف جھلک رہی تھی۔ انہوں نے بابر کو نہ صرف ایک عظیم بلے باز بلکہ ایک شاندار انسان قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو اور گفتگو تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ یہی کرکٹ کی اصل خوبصورتی ہے، جہاں میدان میں حریف کھلاڑی ایک دوسرے کے لیے دل میں عزت رکھتے ہیں۔
مداحوں نے بابر اعظم کی عاجزی اور خوش اخلاقی کی بھی خوب تعریف کی۔ صارفین نے لکھا کہ بابر اعظم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ میدان کے اندر بھی اور باہر بھی ایک بڑے کھلاڑی ہیں۔
کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ دنیش چندیمل کی یہ فرمائش اس بات کا ثبوت ہے کہ بابر اعظم کی عزت صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا کے کھلاڑیوں میں ہے۔
دوسری جانب شائقین نے دنیش چندیمل کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کے شاندار کیریئر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔