ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان ویمن کو بڑا دھچکا، آئرلینڈ نے 9 وکٹوں سے روند دیا!
آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی
عجمان (سپورٹس لنک رپورٹر) آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 کے سپر سکس مرحلے میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کاروان اسپورٹس کلب کرکٹ گراؤنڈ عجمان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی کپتان منیبہ علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو پاکستان کے لیے درست ثابت نہ ہوا۔
پاکستان کی ٹیم 18.4 اوورز میں صرف 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عمیمہ سہیل نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے، جبکہ طوبیٰ حسن نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔
عمیمہ سہیل اور طوبیٰ حسن نے چھٹی وکٹ کے لیے 52 رنز کی شراکت بھی قائم کی، لیکن اس کے بعد پاکستان کی آخری 4 وکٹیں صرف 6 رنز پر گر گئیں۔ شوال ذوالفقار 1 اور صدف شمس 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، پاکستان کی ٹیم 9ویں اوور میں 49 رنز پر 5 وکٹیں گنوا چکی تھی۔
آئرلینڈ کی جانب سے لوئس لٹل نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیا میک کارٹنی اور کارا مرے نے 2، 2 وکٹیں لیں۔
جواب میں آئرلینڈ نے 108 رنز کا ہدف صرف 13.2 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ آئرلینڈ کی کپتان گیبی لیوس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 46 گیندوں پر 71 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ گیبی لیوس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ایمی ہنٹر نے 37 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ گیبی لیوس اور ایمی ہنٹر نے پہلی وکٹ کے لیے 103 رنز کی شراکت قائم کی۔ پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ عمیمہ سہیل نے حاصل کی۔
مختصر اسکور:
پاکستان ویمن: 107 آل آؤٹ، 18.4 اوورز (عمیمہ سہیل 35، طوبیٰ حسن 20؛ لوئس لٹل 3-21) آئرلینڈ ویمن: 111-1، 13.2 اوورز (گیبی لیوس 71، ایمی ہنٹر 37 ناٹ آؤٹ؛ عمیمہ سہیل 1-14) نتیجہ: آئرلینڈ 9 وکٹوں سے کامیاب ; مین آف دی میچ: گیبی لیوس