ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ، پاکستان شاہینز کی دھماکے دار جیت، اب اگلا نشانہ بھارت اے!
دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز کا ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں فاتحانہ آغاز، یو اے ای کو 61 رنز سے شکست
دوحہ (سپورٹس لنک رپورٹر) دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 2026 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع شاندار انداز میں شروع کر دیا۔ پاکستان شاہینز نے ایونٹ کے افتتاحی گروپ بی میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 61 رنز سے شکست دے دی۔
یونیورسٹی آف دوحہ فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 245 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شمیل حسین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 39 گیندوں پر 62 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ شمیل حسین کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
معاذ صداقت نے بھی 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ عبدالصمد نے 39 رنز بنائے۔ یو اے ای کی جانب سے باسل حمید نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں یو اے ای کی ٹیم 40.5 اوورز میں 184 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یو اے ای کی جانب سے محمد شہداد نے 45، آفتاب عالم نے 39 اور اویس علی شاہ نے 32 رنز بنائے۔
پاکستان شاہینز کی جانب سے سفیان مقیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں، علی رضا نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ معاذ صداقت نے 2 وکٹیں لیں۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان شاہینز نے ایونٹ میں اپنے ارادے واضح کر دیے ہیں۔ پاکستان شاہینز کا اگلا میچ اتوار 22 نومبر کو روایتی حریف بھارت اے کے خلاف ہوگا۔
مختصر اسکور:
پاکستان شاہینز: 245 آل آؤٹ، 46.4 اوورز (شمیل حسین 62، معاذ صداقت 53، عبدالصمد 39؛ باسل حمید 4-37) یو اے ای: 184 آل آؤٹ، 40.5 اوورز (محمد شہداد 45، آفتاب عالم 39؛ سفیان مقیم 3-35، علی رضا 3-41) نتیجہ: پاکستان شاہینز 61 رنز سے کامیاب ; مین آف دی میچ: شمیل حسین