بلائنڈ ایشیا کپ : ڈھاکہ میں تاریخ رقم، پاکستانی بلائنڈ ٹیم نے ایشیا فتح کر لیا.
پاکستان بلائنڈ ایشیا کپ کا نیا چیمپئن بن گیا، بھارت نے تقریب کا بائیکاٹ کر دیا
ڈھاکہ:(سپورٹس لنک رپورٹر) پاکستانی ٹیم ایشیا کپ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی نئی چیمپئن بن گئی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل میچ مسلسل بارش کے باعث نہ ہو سکا۔
بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہوا، جس کے بعد میچ ریفری نے ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق پاکستان کو فاتح قرار دے دیا۔
ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط 7 نومبر کو تمام اراکین کو بھیجے گئے تھے، جن کے مطابق اگر فائنل بارش کی وجہ سے نہ ہو سکے تو لیگ مرحلے میں ٹاپ پر رہنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔
لیگ کے تین میچوں میں فتح کے ساتھ پاکستان ٹیم ایونٹ میں ٹاپ پر رہی۔ پاکستان پوائنٹس، رن اوسط اور ہیڈ ٹو ہیڈ میں بھارت سے اوپر رہا۔
لیگ میچوں میں پاکستان نے سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت کو شکست دی تھی۔ بھارت کے خلاف لیگ میچ میں فتح ہی وہ فیصلہ کن کامیابی تھی جس نے پاکستان کو فائنل میں برتری دلائی۔
بھارتی ٹیم کا بائیکاٹ
فیصلے کے بعد بھارتی ٹیم نے تقریب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسٹیڈیم سے چلی گئی اور انعامی تقریب میں شرکت نہیں کی۔تاہم تقریب مقررہ وقت پر منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ عبداللہ الفواد نے انعامات تقسیم کیے۔
تقریب میں ڈائریکٹر رنگپور رائیڈر شہزاد اکبر سبحان بھی موجود تھے، جبکہ پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر بھی تقریب میں موجود تھے۔پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹرافی اٹھا کر جشن منایا اور قومی پرچم لہرایا۔
پاکستان کی شاندار کارکردگی
پاکستانی بلائنڈ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں پاکستان کی ٹیم سب سے آگے رہی۔ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فتح پاکستان کی محنت، ڈسپلن اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
شائقین کرکٹ نے بھی پاکستانی بلائنڈ ٹیم کی اس تاریخی کامیابی پر زبردست خوشی کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔