پاکستانی بولنگ شاندار تھی، اسی لیے سیریز ہارے، کوشال مینڈس
پاکستانی بولنگ شاندار تھی، اسی لیے سیریز ہارے، کوشال مینڈس
راولپنڈی (سپورٹس لنک) راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ اور سیریز میں 0-1 سے شکست کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کوشال مینڈس نے میڈیا سے گفتگو کی۔
کوشال مینڈس نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں حیران تو نہیں کیا لیکن ان کی بولنگ بہت اچھی رہی۔
دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کا دورہ مجموعی طور پر بہت اچھا رہا، ٹیم نے اس دوران خوب لطف اٹھایا اور یہاں بہت اچھی کرکٹ کھیلنے کو ملی۔
پاکستان آکر ہمیں بے حد خوشی ہوئی ہے، ہم یہاں 1 ماہ رہے، تمام کھلاڑی خوش ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ ہم آئندہ بھی پاکستان کا دورہ کریں۔
سری لنکن کپتان نے ٹیم کی خامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کچھ شعبوں میں یقیناً مسائل رہے ہیں، اور ہمیں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بعض ایریاز کو بہتر کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ خاص طور پر بیٹنگ کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، خصوصاً نئے گیند کو کھیلنے کے دوران تکنیکی بہتری لانی ہوگی۔
کوشال مینڈس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اس سے بہتر کھیل کا مظاہرہ کر سکتے تھے، اور ٹیسٹ سیریز ہارنا یقیناً ہمارے لیے خوش آئند اور اچھا تجربہ نہیں رہا۔