کرکٹ

ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 : وسیم اکرم، وقار یونس، بریٹ لی اور شعیب اختر ایک ساتھ کمنٹری کریں گے

وسیم اکرم، وقار یونس، بریٹ لی اور شعیب اختر ایک ساتھ کمنٹری کریں گے

دبئی: ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 کے پانچویں سیزن کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر بریٹ لی، سابق بھارتی اوپنر نوجوت سنگھ سدھو اور سابق بھارتی بلے باز رابن اتھپا سمیت کرکٹ کی دنیا کے کئی معروف نام شامل ہوں گے۔

نئے کمنٹری پینل میں سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر بھی ایک سیزن کے وقفے کے بعد واپس آ گئے ہیں، جبکہ انگلینڈ ویمنز ورلڈ کپ کی فاتح الیکس ہارٹلی اور سابق آئرش آل راؤنڈر ازوبیل جوائس بھی پہلی مرتبہ کمنٹری ٹیم کا حصہ بنیں گی۔

کمنٹری پینل میں وسیم اکرم، وقار یونس، ایان بشپ، ہربھجن سنگھ، سائمن ڈول، شعیب ملک، ایلن ولکنز، مائیک ہیزمین، نخیل چوپڑا، وویک رازدان، صبا کریم اور اجے مہرا سمیت دیگر معروف کمنٹیٹرز بھی شامل ہیں۔

نٹالی جرمانوس وقفے کے بعد کمنٹری میں واپسی کریں گی، جبکہ ریما ملہوترا بھی ایک اور سیزن کے لیے کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کی میزبانی اور پریزنٹیشن کے فرائض میٹ فلائیڈ، ردھیما پاٹھک، والوشا ڈی سوزا اور ثربھی وید انجام دیں گے۔

ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کا آغاز ہفتہ 21 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں گزشتہ سیزن کی فائنلسٹ ٹیموں ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔ چھ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 20 دسمبر 2026 کو دبئی میں ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے میچز دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے۔ پاکستان میں ٹورنامنٹ کے میچز ٹی وی پر ٹین اسپورٹس اور جیو سپر، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تماشا اور مائیکو پر نشر کیے جائیں گے۔

سیزن 5 میں چھ ٹیموں کی جانب سے کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے، جن میں بابر اعظم، نسیم شاہ، شاداب خان، سنیل نارائن، فن ایلن، معین علی، فاف ڈوپلیسی، مارکس اسٹوئنس، فل سالٹ، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، لیام لیونگ اسٹون، راشد خان، نکولس پورن، جونی بیئرسٹو، سکندر رضا، عادل رشید اور محمد نبی شامل ہیں۔

Related Articles


Back to top button