دوحہ میں بڑا میلہ سجنے کو تیار، رائزنگ سٹارز ایشیا کپ 19 نومبر سے شروع
اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹرافی کی دوحہ میں رونمائی، کیک کاٹنے کی تقریب
دوحہ (سپورٹس لنک رپورٹر) اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹرافی کی باضابطہ رونمائی دوحہ میں کر دی گئی۔ تقریب میں پاکستان شاہینز کے کپتان عبدالصمد سمیت ایونٹ میں شریک تمام آٹھ ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔
ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر تمام کپتانوں نے مل کر کیک بھی کاٹا اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
علم میں رہے کہ 50 اوورز پر مشتمل اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 19 سے 29 نومبر تک دوحہ میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں پاکستان شاہینز کی قیادت نوجوان بیٹر عبدالصمد کریں گے۔ پاکستان شاہینز اپنا پہلا میچ 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی، جبکہ دوسرا اہم میچ 22 نومبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف شیڈول ہے۔ پاکستان شاہینز کا تیسرا گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف ہوگا۔
پاکستان شاہینز سکواڈ:
کپتان عبدالصمد کے ساتھ سکواڈ میں حسن نواز، معاذ صداقت، شامل حسین، حیدر علی، شاہزیب خان اور فرحان یوسف شامل ہیں۔ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں روحیل نذیر ادا کریں گے، جبکہ اسپن ڈیپارٹمنٹ میں دانش عزیز، سعد مسعود اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ فاسٹ بولنگ میں محمد حسنین، عمران رندھاوا، عاکف جاوید اور احمد دانیال کو سلیکٹ کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 26 اور 27 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 29 نومبر کو ہوگا۔