ہمت کی مثال محمد شاکر، سپیشل پرسنز کے لیے امید کی کرن بن گئے
ہمت کی مثال محمد شاکر، سپیشل پرسنز کے لیے امید کی کرن بن گئے
اسلام آباد (سپورٹس لنک) پاکستان سپیشل پرسن کرکٹ ایسوسی ایشن کی بنیاد ایک ایسے باہمت انسان نے رکھی جو خود بھی ایک سپیشل پرسن ہے اور پاکستان کا انٹرنیشنل کھلاڑی بھی ہے۔ ان کا نام محمد شاکر ہے۔
محمد شاکر وہ انسان ہیں جنہوں نے اپنی معذوری کو کبھی اپنی کمزوری نہیں بننے دیا۔ خود ایک کھلاڑی ہونے کی وجہ سے وہ ان تمام تکلیفوں، مسائل اور محرومیوں کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں جن سے ایک سپیشل پرسن کرکٹر کو گزرنا پڑتا ہے۔ اسی درد اور احساس نے انہیں اس ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھنے پر مجبور کیا۔
محمد شاکر کا مشن اور مقصد بالکل واضح تھا، معذور افراد کی مدد کرنا، ان کے مسائل کو حل کرنا اور ان کو گھروں سے نکال کر کھیلوں کی دنیا میں واپس لانا۔
وہ چاہتے تھے کہ کوئی بھی باصلاحیت نوجوان صرف وسائل نہ ہونے کی وجہ سے پیچھے نہ رہ جائے۔ پچھلے پانچ سے چھ سال سے وہ اسی مشن پر دن رات کام کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اس کارواں کو چلایا ہے۔
اسی مشن کا نام ہے ہیروں کی تلاش۔ محمد شاکر اور ان کی ٹیم ملک کے کونے کونے سے، خاص طور پر پہاڑوں اور دور دراز علاقوں سے ایسے گمنام ہیروز کو ڈھونڈ رہی ہے جن میں بڑا کھلاڑی بننے کی صلاحیت ہے۔ پشاور میں ہونے والا فور سٹار کرکٹ ٹورنامنٹ بھی اسی سوچ کا نتیجہ ہے۔
آج محمد شاکر اور ان کی ایسوسی ایشن کو پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد کی ضرورت ہے تاکہ ان کا یہ خواب مزید بڑا ہو سکے۔ اگر بورڈز کی سرپرستی مل جائے تو یہ پلیٹ فارم بہت سے محمد شاکر پیدا کر سکتا ہے جو دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
تمام سپیشل پرسن میل اور فیمیل کھلاڑیوں سے گزارش ہے کہ وہ اس مشن کا حصہ بنیں اور محمد شاکر اور پاکستان سپیشل پرسن کرکٹ ایسوسی ایشن سے رابطہ کریں۔