کرکٹ

لاہور : رضا حمید میموریل کپ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلہ کل باغِ جناح میں ہوگا

رضا حمید میموریل سٹی زون ٹی ٹونٹی کلب کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل کل کھیلا جائے گا

لدھیانہ جمخانہ کرکٹ کلب اور خضرا کرکٹ کلب کے درمیان ٹائٹل کے حصول کے لیے دلچسپ مقابلہ متوقع

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد فائنل کے مہمانِ خصوصی ہوں گے، سٹی زون کے صدر میاں فضل قدوس کی جانب سے تمام کلب صدور کو شرکت کی دعوت

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: رضا حمید میموریل سٹی زون ٹی ٹونٹی کلب کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل 19 نومبر کو لدھیانہ جمخانہ کرکٹ کلب اور خضرا کرکٹ کلب کے مابین باغ جناح کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ فائنل کے موقع پر صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ کو مرحوم رضا حمید کے نام سے منسوب کیا گیا تھا، جو لدھیانہ جمخانہ کرکٹ کلب کے سابق صدر تھے۔

 ان کے نام سے اس چیمپئن شپ کا انعقاد مقامی کلب کرکٹ کے فروغ اور مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی ایک قابلِ تحسین کاوش ہے۔

اس موقع پر صدر سٹی زون کرکٹ ایسوسی ایشن میاں فضل قدوس نے اپنے بیان میں کہا کہ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے دو بہترین ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے، 

جس سے ایک سنسنی خیز اور معیاری کرکٹ مقابلے کی توقع ہے۔ دونوں ٹیموں نے اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اور شائقین کو ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

میاں فضل قدوس نے سٹی زون کے تمام ملحقہ کلبز کے صدور اور عہدیداران کو خصوصی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ فائنل کے موقع پر گراؤنڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں،

 کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور کلب کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مقابلے کلب کرکٹ کو مضبوط بنانے، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے اور کرکٹ کے فروغ کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

Related Articles


Back to top button