راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کر دی
راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تاریخ رقم کر دی
شارجہ: افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 200 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
راشد نے یہ اعزاز جمعرات 29 اکتوبر کو زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران حاصل کیا۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انہوں نے زمبابوے کے وکٹ کیپر بلے باز تادیوانشے مارومانی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے اپنی 200ویں وکٹ مکمل کی۔
28 سالہ راشد اپنا 120 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل رہے تھے۔ وہ 199 وکٹوں کے ساتھ میدان میں اترے تھے۔ اس میچ میں انہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ بیٹنگ میں 6 گیندوں پر 25 ناٹ آؤٹ رنز بھی بنائے جس میں 4 چھکے شامل تھے۔
راشد خان نے اکتوبر 2015 میں زمبابوے کے خلاف ہی اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا۔
ریکارڈ لسٹ:
راشد خان (افغانستان) - 200 وکٹیں عادل رشید (انگلینڈ) - 171 وکٹیں احسان خان (ہانگ کانگ) - 165 وکٹیں
یاد رہے راشد خان ٹوٹل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ (انٹرنیشنل + تمام لیگز) میں 700 وکٹیں لینے والے دنیا کے واحد بولر ہیں۔
1. راشد خان - 742 وکٹیں (551 میچ) 2. سنیل نارائن - 658 وکٹیں (617 میچ) 3. ڈوین براوو - 631 وکٹیں (582 میچ) یعنی دوسرے نمبر والے نارائن سے بھی تقریباً 84 وکٹیں زیادہ۔
راشد خان کا کرکٹ کیریئر اور عالمی شہرت
راشد خان 20 ستمبر 1998 کو افغانستان کے صوبے ننگرہار میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اکتوبر 2015 میں زمبابوے کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور اپنی غیر معمولی لیگ اسپن اور گوگلی کی وجہ سے بہت کم عرصے میں عالمی شہرت حاصل کر لی۔
وہ صرف ٹی 20 انٹرنیشنل ہی نہیں بلکہ ون ڈے کرکٹ میں بھی افغانستان کے کامیاب ترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے نام ون ڈے انٹرنیشنل میں 237 وکٹیں بھی درج ہیں۔
راشد خان دنیا کی مختلف ٹی 20 لیگز میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدرآباد اور گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔