کرکٹ

سلمان علی آغا نے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروا لیا، ویڈیو وائرل

سلمان علی آغا نے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروا لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

لاہور / سپورٹس لنک ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروا لیا ہے۔ ان کی ٹرانسپلانٹ کے بعد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر کلینک کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں سلمان علی آغا کو ہیئر ٹرانسپلانٹ کے عمل کے بعد کلینک کے نمائندے کے ساتھ خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں سلمان علی آغا کے سر پر پٹی بندھی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے اور وہ کافی پراعتماد اور خوش نظر آ رہے ہیں۔

یہ ویڈیو 22 نومبر کو کلینک کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا اور اسپورٹس پیجز پر وائرل ہو گئی۔ صرف چند گھنٹوں میں یہ ویڈیو ہزاروں بار دیکھی گئی اور مختلف پیجز پر شیئر ہونے لگی۔

ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا نے سری لنکا کے خلاف حالیہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے اختتام اور بین الاقوامی مصروفیات میں ملنے والے وقفے کے دوران یہ سرجری کروائی ہے۔ کپتان نے اس وقفے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ذاتی گرومنگ پر توجہ دی تاکہ اگلی سیریز میں وہ مکمل فٹ اور پراعتماد انداز میں میدان میں اتر سکیں۔

سوشل میڈیا صارفین اور کرکٹ شائقین کی جانب سے ان کے نئے لُک کے حوالے سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی مداحوں نے ان کے نئے لک کی تعریف کی ہے اور لکھا ہے کہ کپتان اب میدان میں اور بھی زیادہ پراعتماد نظر آئیں گے۔

دوسری جانب کچھ صارفین نے مزاحیہ انداز میں تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ "کپتان نے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اب لک پر بھی کام شروع کر دیا ہے" جبکہ کچھ نے لکھا کہ "اب سلمان علی آغا نیا ہیئر اسٹائل کے ساتھ نئی اننگز کھیلیں گے۔"

واضح رہے کہ آج کل کئی نامور کرکٹرز اور شوبز شخصیات ہیئر ٹرانسپلانٹ کروا چکی ہیں، اور سلمان علی آغا بھی اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ہیئر ٹرانسپلانٹ اب ایک عام اور محفوظ طریقہ کار بن چکا ہے جسے دنیا بھر میں کھلاڑی اور فنکار اپنا رہے ہیں۔

شائقین کو اب سلمان علی آغا کے نئے لک کے ساتھ اگلی سیریز میں میدان میں اترنے کا بے صبری سے انتظار ہے۔

Related Articles


Back to top button