Games
پاک چین فرینڈشپ یوتھ گیمز 11 دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوں گے
پاک چین فرینڈشپ یوتھ گیمز 11 دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوں گے
75 سالہ دوستی کا جشن، 1000 نوجوان ایتھلیٹس میدان میں اتریں گے
اسلام آباد / سپورٹس لنک نواز گوھر : پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام پاک چین فرینڈشپ یوتھ گیمز 11 سے 13 دسمبر تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔اس شاندار ایونٹ میں پاکستان اور چین کے 1000 سے زائد نوجوان ایتھلیٹس 8 مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ایونٹ کا سلوگن "75 سال کا اعتماد، ایک مشترکہ مستقبل" رکھا گیا ہے۔
یوتھ گیمز میں 8 کھیل شامل کیے گئے ہیں جن میں فٹبال، سکواش، ایتھلیٹکس، باکسنگ، شطرنج، پیڈل، جوڈو اور باسکٹ بال شامل ہیں۔ ہر کھیل میں دونوں ممالک کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی حصہ لیں گے اور اپنی ٹیموں کے لیے میڈلز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کا اصل مقصد صرف مقابلہ نہیں بلکہ پاکستان اور چین کے نوجوانوں کے درمیان دوستی، ثقافت اور کھیل کے ذریعے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ یہ گیمز دونوں ممالک کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کو قریب سے جاننے، سیکھنے اور ایک مشترکہ مستقبل کی طرف بڑھنے کا موقع فراہم کریں گے۔
پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ گراؤنڈز، کورٹس اور دیگر سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ کھلاڑیوں کے قیام، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر میں مثال سمجھی جاتی ہے۔ یہ یوتھ گیمز اس دوستی کی ایک نئی اور خوبصورت مثال ثابت ہوں گے۔ 75 سال کا اعتماد اب نئی نسل کے ہاتھوں میں ہے اور یہ نوجوان اس دوستی کو آگے لے کر جائیں گے۔
کھیلوں کے شائقین کے لیے یہ تین دن انتہائی دلچسپ ہوں گے۔ اسلام آباد کے شہریوں کو بھی یہ مقابلے دیکھنے اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔