شاداب کی 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز، پاکستان نے 1 وکٹ سے انگلینڈ کو ہرا دیا
سہ فریقی سیریز: پاکستان کی ایک وکٹ سے سنسنی خیز جیت، فائنل کی امید برقرار
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹر) پاکستان نے انگلینڈ کو ایک وکٹ سے ہرا دیا، شاداب خان کی طوفانی سنچری، شاہین کے 4 شکار
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 46.4 اوورز میں 241 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
بین ڈکٹ نے شاندار 105 رنز کی اننگز کھیلی، 111 گیندوں پر 10 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 46 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں،
شاہین نے 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ رضا اللہ نے 38 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں، حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور سابق کپتان بابر اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان 31 رنز پر 3 وکٹوں سے محروم ہو گیا۔
سعد بیگ نے 22 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ سلمان آغا 26 اور حسن نواز 15 رنز بنا سکے۔
ایک موقع پر پاکستان 154 رنز پر 9 وکٹیں گنوا چکا تھا اور شکست یقینی نظر آ رہی تھی۔اس موقع پر آل راؤنڈر شاداب خان نے ناقابل یقین کم بیک کرایا۔
شاداب نے آخری بیٹر حارث رؤف کے ساتھ دسویں وکٹ پر 89 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور پاکستان کو تاریخی فتح دلا دی۔
شاداب خان 96 گیندوں پر 13 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 113 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری تھی اور نمبر 8 یا اس سے نیچے بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کی سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ بھی ہے۔
حارث رؤف 19 گیندوں پر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان نے 47.1 اوورز میں 243 رنز بنا کر 1 وکٹ سے فتح حاصل کر لی۔اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سہ فریقی سیریز کے فائنل کی دوڑ میں خود کو برقرار رکھا ہے۔