کرکٹ

عجمان میں سری لنکا کا راج، ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کی چیمپئن بن گئی

سری لنکا نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی جیت لی، فائنل میں آئرلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست

عجمان، سپورٹس لنک نواز گوھر: سری لنکا ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ عجمان کے کاروان کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پورا ٹورنامنٹ ناقابلِ شکست رہ کر جیتا۔

فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آئرلینڈ کی ٹیم سری لنکن باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور 19.3 اوورز میں صرف 96 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے ستھیا سندیپنی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں صرف 13 رنز دے کر حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا نے 97 رنز کا ہدف صرف 12.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ امیشا دلانی نے 25 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ کویشا دلہاری نے 10 گیندوں پر 16 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں کے درمیان 30 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت نے سری لنکا کو 44 گیندیں پہلے ہی فتح دلا دی۔

ستھیا سندیپنی کو فائنل میں شاندار باؤلنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ وشمی گونارتنے کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔

یہ ٹورنامنٹ کا دوسرا ایڈیشن تھا۔ پہلا ایڈیشن 2025 میں تھائی لینڈ نے جیتا تھا، اب سری لنکا نے پہلی بار یہ ٹرافی اپنے نام کی ہے۔

پاکستان ٹیم سپر سکس مرحلے میں سری لنکا سے 4 رنز سے ہار کر فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی تھی۔

Related Articles


Back to top button