کرکٹ
فیسٹول کرکٹ میچ: پولیس الیون نے ریونیو الیون کو شکست دے دی
فیسٹول کرکٹ میچ: پولیس الیون نے ریونیو الیون کو شکست دے دی
میچ کا انعقاد ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس نوشہروفیروز اور محکمہ کھیل کی جانب سے کیا گیا تھا
نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے:ڈی ایس اوعبدالرحیم راجپوت
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس نوشہروفیروز اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ، حکومت سندھ کی جانب سے غلام رسول لاکھو اسپورٹس کمپلیکس میں پولیس الیون اور ریونیو الیون کے درمیان دلچسپ فیسٹول کرکٹ میچ میں پولیس الیون نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ ریونیو الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 106رنز اسکور کئے۔ 107 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پولیس الیون کے بلے بازوں نے جارحانہ اور عمدہ بیٹنگ کی اور ایک اوور قبل ہدف حاصل کرلیا۔ پولیس الیون کی جانب سے سہیل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز اسکور کیے اورمین آف دی میچ رہے۔ میچ میں محمد ارسلان سلیم، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز، میر روہل کھوسو، ایس ایس پی نوشہروفیروز، مختلف ڈی ایس پیز اور ضلع کے مختلف تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر عبدالرحیم راجپوت، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نوشہروفیروز کی جانب سے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ، حکومتِ سندھ کی طرف سے میچ میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں کو اجرک، لنگیاں اور شیلڈز پیش کی گئیں۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی محمد ارسلان سلیم، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز اور میر روہل کھوسو، ایس ایس پی نوشہروفیروز تھے،جنہوں نے ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیز تقسیم کیں اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ معزز مہمانوں نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس نوشہروفیروز اور اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ، حکومت سندھ کی جانب سے ضلع نوشہروفیروز میں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے محکمہ کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نوشہروفیروز عبدالرحیم راجپوت نے شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریونیو ڈپارٹمنٹ، کھلاڑیوں اور شائقینِ کھیل کا اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ، حکومت سندھ کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ضلع نوشہروفیروز میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔