کرکٹ

قائداعظم ٹرافی (سلور): لاہور بلوز کی دھواں دار فتح، راولپنڈی ریجن دو دن میں ڈھیر

قائداعظم ٹرافی (سلور): لاہور بلوز کی دوسرے ہی روز شاندار فتح

راولپنڈی ریجن کو 9 وکٹوں سے شکست، فاسٹ بولرز کی تباہ کن کارکردگی؛ 

محمد زاہد آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: قائداعظم ٹرافی (سلور) میں لاہور بلوز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈی ریجن کو دوسرے ہی روز 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

 لاہور بلوز نے راولپنڈی ریجن کی جانب سے دیا گیا 77 رنز کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے میچ اپنے نام کر لیا۔

میچ میں لاہور بلوز کے فاسٹ بولرز نے ابتدا ہی سے اپنی دھاک بٹھائے رکھی۔ راولپنڈی ریجن کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 69 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں لاہور بلوز نے پہلی اننگز میں 174 رنز بنا کر 105 رنز کی قیمتی برتری حاصل کی۔ 

لاہور بلوز کے بولرز نے دوسری اننگز میں بھی حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، تاہم راولپنڈی ریجن نے دوسری اننگز میں 181 رنز بنائے اور لاہور بلوز کو فتح کے لیے 77 رنز کا ہدف دیا، جسے بلوز نے صرف ایک وکٹ کھو کر باآسانی عبور کر لیا۔

لاہور بلوز کی جانب سے فاسٹ بولرز نثار احمد، احمد بشیر اور محمد زاہد نے اپنی برق رفتار اور نپی تلی بولنگ سے راولپنڈی ریجن کی بیٹنگ لائن کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ نثار احمد نے میچ میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں، 

جبکہ احمد بشیر نے بھی 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد زاہد نے 5 وکٹیں حاصل کرکے بولنگ کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ تینوں فاسٹ بولرز کی مشترکہ طور پر 17 وکٹوں نے لاہور بلوز کی فیصلہ کن کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔

محمد زاہد نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا اور پہلی اننگز میں 48 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی برتری کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

 ان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے اعتراف میں انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے راولپنڈی ریجن کے خلاف لاہور بلوز کی شاندار فتح پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد پیش کی۔

خواجہ ندیم احمد نے بالخصوص نثار احمد، احمد بشیر اور محمد زاہد کی عمدہ بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولرز نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور ثبوت دیا۔ 

انہوں نے محمد زاہد کی آل راؤنڈ کارکردگی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا، جنہوں نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی ٹیم کی کامیابی میں اہم حصہ ڈالا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور بلوز کی دوسرے ہی روز یہ شاندار کامیابی کھلاڑیوں کی محنت، ٹیم ورک، بہترین حکمت عملی اور جیت کے جذبے کا نتیجہ ہے۔ 

امید ہے کہ ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی اسی تسلسل اور جذبے کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے لاہور ریجن کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔

Related Articles


Back to top button