قومی کھیل ہاکی کو اسکول سطح پر زندہ کرنے کا مشن، خیرپور میں تاریخی تقریب، انٹر اسکول ہاکی لیگ کا اعلان
خیرپور میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کیلئے تاریخی قدم،
پی ایچ ایف کے زیراہتمام اسکولوں میں ہاکی کٹس تقسیم
خیرپور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے زیراہتمام پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو اسکول کی سطح پر دوبارہ زندہ کرنے کے لیے سچل آڈیٹوریم ہال خیرپور میں ایک اہم اور تاریخی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کا بنیادی مقصد گراس روٹ لیول پر ہاکی کا فروغ، تعلیمی اداروں کے ذریعے اسے مستحکم کرنا اور ابھرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔
تقریب کے دوران ضلع خیرپور کے رجسٹرڈ اسکولوں کو جدید ہاکی کٹس اور کھیل کا معیار بہتر بنانے کے لیے ہاکی کا سامان فراہم کیا گیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے قومی کھیل کی بحالی اور ملک میں ہاکی کے شاندار ماضی کو واپس لانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر کا انٹر اسکول ہاکی لیگ کرانے کا اعلان
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ نے کہا کہ وہ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر خیرپور میں اسکول سطح پر ہاکی کے فروغ کے اس پروگرام سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع حکومت خیرپور کے زیراہتمام "انٹر اسکول ہاکی لیگ" کرانے کا اعلان کیا، جسے شرکاء نے تاریخی اقدام قرار دیا۔
مہمان خصوصی ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) میراں محی الدین سومرو نے خطاب میں ہاکی کے شاندار ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے طلباء کو ہاکی کھیل کر ہاکی لیجنڈ بننے کی ترغیب دی اور آئی پی سی کی جانب سے ہاکی کے فروغ کے لیے بھرپور معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ڈپٹی کمشنر خیرپور کے اس اعلان پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا۔
تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت
اس پروقار تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری آئی پی سی میراں محی الدین سومرو، ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ، پی ایچ ایف میڈیا ہیڈ وقاص شیخ، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے نائب صدر ذوالفقار علی ڈاہوٹ، ڈی ای او ایجوکیشن انیس الرحمن، ڈپٹی ڈی ای او خیرپور بخش علی راجپر،
ڈی ایچ اے خیرپور کے مرتضیٰ ڈاہوٹ، سینئر ہاکی ایمپائر عرفان ڈاہوٹ، ویمن ہاکی ونگ سکھر کی سیکرٹری رضوانہ چاچڑ، محکمہ اسکول ایجوکیشن کے اعلیٰ افسران، مختلف اسکولوں کے پی ای ٹی اساتذہ اور کثیر تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے تعاون سے منعقدہ اس تقریب میں تمام رجسٹرڈ اسکولوں کے نمائندگان اور طلباء نے باضابطہ طور پر ہاکی کٹس وصول کیں۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے بچوں میں مثبت سرگرمیوں کا رجحان بڑھے گا اور پاکستان کو مستقبل میں نامور ہاکی کھلاڑی مل سکیں گے۔