پی سی بی مالدیپ میں اسٹیڈیم بنائے گا، محسن نقوی کا اعلان
پی سی بی مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ پراجیکٹ پر کام کر رہا ہے: محسن نقوی
اسلام آباد: سپورٹس لنک - پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ پراجیکٹ پر کام کر رہا ہے۔ مالدیپ میں اسٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی، جس سے نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے یہ اعلان بدھ کو اسلام آباد میں مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی شریک تھے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، کھیلوں، صحت، تجارت، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد مالدیپ میں کرکٹ کو فروغ دینا اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو پروفیشنل تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسٹیڈیم اور اکیڈمی کے قیام سے مالدیپ میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
ملاقات کے دوران مالدیپ کے وزیر نے بتایا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ محسن نقوی نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ براہ راست پروازوں سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی براہ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر سلیبریٹیز مالدیپ جائیں گے۔محسن نقوی نے مالدیپ کے وزیر داخلہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ وہ ان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔