دوحہ میں گرین شرٹس کی دھوم؛ حسن کے 79 رنز اور 3 وکٹیں، تلک ورما کی سنچری رائیگاں گئی
دوحہ میں گرین شرٹس کی دھوم؛ حسن کے 79 رنز اور 3 وکٹیں، تلک ورما کی سنچری رائیگاں گئی
اسلام آباد (نوازگوھر) دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز نے ہمہ جہت کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے گروپ بی میچ میں روایتی حریف بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
حسن نواز کے غیر معمولی آل راؤنڈ کھیل (79 رنز اور 3 وکٹیں) اور فاسٹ بولر علی رضا کی تباہ کن بولنگ (3 وکٹیں) کی بدولت پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 313 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا اور جواب میں بھارتی ٹیم کو 49.1 اوورز میں 265 رنز پر ڈھیر کر دیا، جس کے نتیجے میں بھارتی کپتان تلک ورما کی مزاحمتی سنچری بھی رائیگاں گئی۔
پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر پاکستانی اوپنرز شامل حسین اور معاذ صداقت نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے ابتدائی پانچ اوورز میں ہی 50 رنز کی شراکت قائم کر لی۔
آیوش بدونی نے شامل حسین (23 گیندوں پر 33 رنز، چار چوکے اور دو چھکے) کو آؤٹ کر کے 66 رنز کی اوپننگ شراکت کا خاتمہ کیا، جبکہ اگلے ہی اوور میں ہرشیت رانا نے وکٹ کیپر روحیل نذیر کو صفر پر پویلین بھیج کر اسکور 8.3 اوورز میں 2 وکٹوں پر 67 رنز کر دیا۔
ابتدائی نقصان سے بے نیاز معاذ صداقت نے حسن نواز کے ساتھ مل کر مڈل اوورز میں اننگز کو سنبھالا اور اپنے لسٹ اے کیریئر کی دسویں نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 63 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
اس کے بعد حسن نواز نے بیٹنگ کی باگ ڈور سنبھالی اور کپتان عبدالصمد (28 رنز) کے ساتھ قیمتی شراکت قائم کرتے ہوئے 82 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو ان کی پانچویں لسٹ اے نصف سنچری تھی۔
اننگز کے اختتامی اوورز میں فرحان یوسف نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور عمران رندھاوا (14 گیندوں پر 23 رنز، دو چھکے) کے جارحانہ کیمیو کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 300 کے پار پہنچایا۔
فرحان نے اپنے لسٹ اے کیریئر کی دوسری نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 48 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے، یوں پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ بھارت اے کی جانب سے ہرشیت رانا، پرنس یادو، سوریاںش شیڈگے اور وپراج نگم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کو آغاز ہی میں شدید دھچکا لگا جب عمران رندھاوا نے ویبھو سوریاونشی (11) اور علی رضا نے آیوش بدونی (0) کو پویلین کی راہ دکھا کر اسکور 4.3 اوورز میں 2 وکٹوں پر 26 رنز کر دیا۔
ابھیشیک شرما نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کپتان تلک ورما کے ساتھ 67 رنز کی شراکت بنائی اور 42 گیندوں پر چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے تیز رفتار 70 رنز جڑ دیے۔
تاہم حسن نواز نے گیند تھامتے ہی میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ انہوں نے پہلے خطرناک ثابت ہونے والے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کیا اور پھر لیفٹ آرم رسٹ اسپنر سفیان مقیم (1 وکٹ) کے ساتھ مل کر بھارتی مڈل آرڈر تہس نہس کر دیا۔ حسن نے رنکو سنگھ (6) اور سوریاںش شیڈگے (3) کو بھی چلتا کر کے 25.3 اوورز میں بھارت کا اسکور 6 وکٹوں پر 129 رنز کر دیا۔
ساتویں وکٹ کے لیے تلک ورما اور شہباز احمد (49 گیندوں پر 56 رنز، چار چھکے) نے 112 رنز کی مزاحمتی شراکت قائم کر کے ٹیم کو 200 رنز سے آگے پہنچایا، مگر علی رضا نے ایک ہی اسپیل میں شہباز اور وپراج نگم (0) کو آؤٹ کر کے بھارتی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
اختتامی لمحات میں عمران رندھاوا اور احمد دانیال نے ٹیل اینڈرز کو سمیٹا، جہاں دانیال نے 149 گیندوں پر 100 رنز کی ہمت افزا اننگز کھیلنے والے تلک ورما کو آؤٹ کر کے پاکستان کی شاندار فتح پر مہر ثبت کر دی۔ پاکستان شاہینز گروپ بی کا اپنا آخری میچ منگل کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔