ٹیم کی پوری توجہ جیت پر، لاہور میں کمبی نیشن حالات کے مطابق ہوگا - شاہین آفریدی
پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ لاہور کی کنڈیشنز مختلف ہیں، اس لئے ٹیم کمبی نیشن کا فیصلہ حالات کے مطابق کریں گے، تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، اگر ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت ہوئی تو ضرور کی جائے گی۔
انہوں نے نوجوان بلے باز صائم ایوب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایک اچھا کھلاڑی ہے اور امید ہے کہ وہ ٹیم کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا،
صائم ایوب اور فخر زمان کو ڈراپ نہیں کیا جا رہا، تاہم ضرورت پڑنے پر صاحبزادہ فرحان کو بھی ون ڈے کرکٹ میں موقع دیا جا سکتا ہے، فخر زمان ٹیم میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
شاہین آفریدی نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹرز اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش بھی کرتے ہیں،
کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں محنت کا سلسلہ جاری رکھنا ضروری ہے، ٹیم کی کوشش ہے کہ میدان میں بہترین کھیل پیش کرکے کامیابی حاصل کی جائے۔
اپنی بولنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے اعتراف کیا کہ ان کی بولنگ سپیڈ میں کمی آئی ہے، تاہم وہ وکٹیں حاصل کر رہے ہیں جو ان کیلئے خوش آئند بات ہے،
ٹیم اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے محنت جاری رکھے گی اور میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
شاہین شاہ آفریدی نے مزید کہا کہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی موقع دیں گے لیکن ایسا نہیں ہوگا کہ ایک ساتھ پانچ یا چھ تبدیلیاں کر دی جائیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم کی شاندار پرفارمنس جاری رہے گی، گزشتہ دو میچز بھی ہم نے بعد میں بولنگ کر کے جیتے ہیں اور لاہور میں بھی قوی امید ہے کہ ہماری ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔
سہ ملکی کپ کا دوسرا مرحلہ لاہور میں کل 25 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ (پنک بال) میچ رکھا ہوا ہے۔