کرکٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والے عمر رسیدہ کھلاڑیوں کی فہرست سامنے آ گئی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والے عمر رسیدہ کھلاڑیوں کی فہرست سامنے آ گئی

کرکٹ میں عموماً کسی بھی کھلاڑی کا ڈیبیو 18 سے 20 سال کی عمر کے درمیان ہوتا ہے اور 35 سے 40 برس کے درمیان وہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر تجزیہ کار یا کسی اور شعبہ میں نئی اننگ شروع کرتا ہے۔ تاہم 7 فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں کئی ایسے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی شرکت کر رہے ہیں جن کی عمر کے کھلاڑی اپنی بھرپور اننگز کھیل کر ریٹائرمنٹ کے بعد دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتیں آزما رہے ہیں۔ محمد ندیم (آل راؤنڈر عمان ٹیم): ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی محمد ندیم ہیں، جو عمان کی ٹیم میں شامل ہیں۔ ان کی عمر اس وقت 43 برس ہے۔ آل راؤنڈر کو 70 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کا تجربہ ہے، جس میں انہوں نے 805 رنز اسکور اور 40 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔ وین میڈسن (کپتان اٹلی ٹیم): میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والے دوسرے عمر رسیدہ کھلاڑی وین میڈسن ہیں، جو اٹلی کے کپتان ہیں۔ انہوں نے 7 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل کر 205 رنز بنا رکھے ہیں۔ رولوف وینڈر مروے (آل راؤنڈر نیدرلینڈز): رولوف وینڈر مروے کا شمار بھی عمر رسیدہ کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔ 41 سالہ کرکٹر 66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 561 رنز بنانے کے ساتھ 74 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ رولوف کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، جو انٹرنیشنل کرکٹ میں دو ممالک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز جنوبی افریقہ کی جانب سے کیا تھا۔ محمد نبی (آل راؤنڈر افغانستان)  افغان آل راؤنڈر محمد نبی 147 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کا تجربہ رکھتے ہیں۔ 2430 رنز اسکور اور 104 وکٹیں لینے والے محمد نبی میگا ایونٹ میں 41 برس کی عمر میں میدان میں اتریں گے۔ برینڈن ٹیلر ( بیٹر زمبابوے):  برینڈن ٹیلر عمر کی 4 دہائیاں مکمل کر چکے ہیں اور وہ 40 سال کی عمر میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کر رہے ہیں۔ ٹیلر اب تک اپنے ملک کی جانب سے 58 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے ایک سنچری اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے 1185 رنز بنائے ہوئے ہیں۔

Related Articles


Back to top button