کرکٹ
پاکستان کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ بنگلا دیش کے تاریخی دورے کے لیے ڈھاکا پہنچ گیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ بنگلا دیش کے تاریخی دورے کے لیے ڈھاکا پہنچ گیا،
جہاں دونوں ممالک کے درمیان 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 20 جولائی سے شروع ہونے جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سیریز کی اہمیت نہ صرف دونوں ٹیموں کے لیے تیاری کا بہترین موقع ہے بلکہ عالمی رینکنگ اور مستقبل کے ایونٹس کی حکمت عملی کے لیے بھی انتہائی فیصلہ کن مانی جا رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق قومی اسکواڈ کا دوسرا گروپ بھی کراچی سے ڈھاکا پہنچ چکا ہے۔ اس دستے میں محمد حارث، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سفیان مقیم، حسین طلعت، احمد دانیال اور سلمان مرزا جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑی شامل ہیں، جو اس سیریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ ان کے ہمراہ سپورٹ اسٹاف کے ارکان بھی شامل ہیں جو ٹیم کی فزیکل اور تکنیکی تیاری کو مکمل بنانے میں معاونت فراہم کریں گے۔ اس سے قبل قومی ٹیم کا پہلا گروپ کراچی سے روانہ ہو کر دبئی کے راستے ڈھاکا پہنچ چکا ہے، جس کی قیادت کپتان سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔ اس گروپ میں صائم ایوب، فخر زمان، محمد نواز، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف اور دیگر شامل تھے۔ 3 میچوں پر مشتمل یہ سیریز 20، 22 اور 24 جولائی کو کھیلی جائے گی اور تمام میچز ڈھاکا کے معروف شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے، جہاں ہوم کراؤڈ کا دباؤ پاکستان ٹیم کے لیے ایک چیلنج بھی ہو سکتا ہے، تاہم ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کا جوش اور سینئرز کا تجربہ اس سیریز میں فتح کا سبب بن سکتا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ مکمل اسکواڈ میں سلمان علی آغا کو کپتانی سونپی گئی ہے، جب کہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں محمد حارث اور صاحبزادہ فرحان نبھائیں گے۔ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی حالیہ کارکردگی، فارم اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ بہترین ٹیم میدان میں اتاری جا سکے۔ ٹیم کے ساتھ موجود کوچنگ اسٹاف میں مائیک ہیسن بطور ہیڈ کوچ، شین میکر موٹ فیلڈنگ کوچ اور گرانٹ لوڈین اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، جب کہ منیجمنٹ کی سربراہی نوید چیمہ کے سپرد ہے۔ دورہ بنگلا دیش میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز سے 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 اور دن ڈے سیریز کھیلنے کیلئے امریکا پہنچے گی۔ فلوریڈا میں یکم تا 4 اگست دونوں ٹیمیں کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے سیریز 8 سے 12 اگست تک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں شیڈول ہے۔