سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان کو پہلی شکست، آسٹریلیا 5-2 سے جیت گیا
سلطان اذلان شاہ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 5-2 سے شکست دے دی
ایپوہ، ملائیشیا / سپورٹس لنک: ملائیشیا میں جاری 32 ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ کھیلا گیا، جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 5-2 سے شکست دے دی۔
یہ پاکستان کی اس ٹورنامنٹ میں پہلی شکست ہے۔ اس سے پہلے پاکستان نے کینیڈا کو 5-1 اور امریکہ کو 3-1 سے شکست دی تھی۔ پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے کوارٹر میں آسٹریلیا نے 18 ویں منٹ میں ایان گروبیلار کے پینلٹی کارنر پر گول کر کے برتری حاصل کی۔
پاکستان کے کپتان ابوبکر محمود نے 4 منٹ بعد ہی پینلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
لیکن آسٹریلیا نے فوراً دباؤ بڑھا دیا۔ 23 ویں منٹ میں نیتھن ایفرمز نے فیلڈ گول کر کے آسٹریلیا کو پھر آگے کر دیا اور ایک منٹ بعد ڈنکن جیکسن نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے اسکور 3-1 کر دیا۔
دوسرے ہاف میں پاکستان نے واپسی کی کوشش کی اور 33 ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے شاندار فیلڈ گول کر کے فرق کم کر کے 3-2 کر دیا۔
آخری کوارٹر میں آسٹریلیا نے پھر دو پینلٹی کارنر پر گول کیے۔ 49 ویں منٹ میں جیک ویلش اور 60 ویں منٹ میں کیمبل گیڈز نے گول کر کے حتمی اسکور 5-2 کر دیا۔
آسٹریلیا کے 5 میں سے 4 گول پینلٹی کارنر پر ہوئے، جو میچ کا فیصلہ کن فرق ثابت ہوا۔
پاکستان اپنا اگلا میچ کل منگل 24 نومبر کو جنوبی کوریا کے خلاف کھیلے گا، جبکہ 26 نومبر کو میزبان ملائیشیا سے مقابلہ ہوگا ۔