کرکٹ

پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ لاہور ریجن فیز ٹو 16 نومبر سے شروع ہوگا، شیڈول جاری

پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام لاہور ریجن

فیز ٹو کے مقابلوں کا آغاز 16 نومبر سے ہوگا، صدر لاہور ریجن خواجہ ندیم احمد نے شیڈول جاری کر دیا

فیز ون میں 132 لیگ میچز کا کامیاب انعقاد، 22 ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا — ناک آؤٹ مرحلہ 2 دسمبر تک جاری رہے گا

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام لاہور ریجن کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو) کے مقابلوں کا آغاز 16 نومبر سے ہوگا۔ 

فیز ون میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 22 ٹیموں نے فیز ٹو کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ 

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے دوسرے مرحلے کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔

فیز ٹو کے ناک آؤٹ مقابلے 16 نومبر سے 2 دسمبر 2026ء تک لاہور کے مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں منعقد ہوں گے، جہاں کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں اگلے مرحلے تک رسائی اور ٹورنامنٹ میں کامیابی کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ 

ٹورنامنٹ کے فائنل کی تاریخ اور مقام کا اعلان بعد ازاں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے میں لاہور ریجن کی 88 تعلیمی درسگاہوں پر مشتمل 22 گروپس کے درمیان مجموعی طور پر 132 لیگ مقابلوں کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کیے گئے۔

اس موقع پر صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش، حوصلہ افزائی اور اسے مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنے کے حوالے سے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔

 اس پروگرام کے ذریعے تعلیمی اداروں کے باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی کرکٹ صلاحیتیں منوانے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ تک رسائی حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ریجن میں پہلے مرحلے کے 132 لیگ مقابلوں کا کامیاب انعقاد تمام متعلقہ اداروں اور ذمہ داران کی مشترکہ محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہترین انتظامی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ 

ہم اس پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھانے میں تعاون کرنے والی تمام گراؤنڈ اتھارٹیز، میچ آفیشلز، ریجنل ٹورنامنٹ کمیٹی اور منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہتے ہیں۔

خواجہ ندیم احمد نے مزید کہا کہ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین کرکٹ ماحول، معیاری مقابلوں اور میرٹ پر مبنی مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ 

ہماری اولین ترجیح باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں مستقبل میں ریجنل اور قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے قابل بنانا ہے۔

انہوں نے فیز ٹو میں جگہ بنانے والی تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ دوسرے مرحلے میں بھی کھلاڑی کھیل کے اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں گے۔

Related Articles


Back to top button