کرکٹ

پی سی بی کا افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے قومی کرکٹرز کو این او سی نہ دینے کا فیصلہ

 پی سی بی کا افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے قومی کرکٹرز کو این او سی نہ دینے کا فیصلہ

لاہور (5 نومبر 2026) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے لیے قومی کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 30 سے زائد پاکستانی کھلاڑیوں نے اے پی ایل کے ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کرا رکھی تھی، تاہم پی سی بی نے سفارتی کشیدگی کے پیش نظر این او سی روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی ترجمان نے کرک بز کو بتایا کہ "مجھے نہیں لگتا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اے پی ایل کے لیے این او سی جاری کیا جائے گا۔"

ادھر وسیم اکرم کو بھی افغانستان لیگ کی جانب سے مینٹورشپ کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے پی سی بی کی پالیسی کا احترام کرتے ہوئے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کو 2018 کے بعد دوبارہ شروع کیا ہے، جس میں 5 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ہر ٹیم میں 12 افغان اور 6 سے 7 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ڈرافٹ کے لیے 1500 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 462 کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔

واحد پاکستانی کھلاڑی جو لیگ میں شرکت کرے گا وہ محمد عامر ہے، جس نے برطانوی شہری کے طور پر رجسٹریشن کرائی ہے، اس لیے انہیں پی سی بی کے این او سی کی ضرورت نہیں۔ وہ کندھار وارئیرز کی ٹیم میں پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب ہو گئے ہیں۔

پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد افغانستان پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت تقریباً ناممکن ہو گئی ہے۔

Related Articles


Back to top button