کرکٹ چالاکیوں سے نہیں، پرفارمنس سے جیتی جاتی ہے، جے وردھنے کا ہرشت رانا کو کرارا جواب
کرکٹ پرفارمنس سے جیتا جاتا ہے، چالاکیوں اور بدتمیزی سے نہیں! — سنتھ جے وردھنے
دوحہ: ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف طوفانی سنچری جڑ کر 'مین آف دی میچ' کا ایوارڈ جیتنے والے سری لنکن اوپنر سنتھ جے وردھنے نے پریس کانفرنس میں بھارتی باؤلر ہرشت رانا کی اکڑ اور حرکتوں کا پول کھول کر رکھ دیا۔
صحافی نے پوچھا کہ اننگز کے آغاز میں آپ اور ہرشت رانا کے درمیان کس بات پر تلخ کلامی ہوئی؟ تو نوجوان بلے باز نے مسکراتے ہوئے کرارا جواب دیا:
"ہرشت رانا میرا فوکس ہٹانے کے لیے اپنی زبان میں جملے کستا رہا، اور ہم نے بلے سے جواب دے کر میچ جیت لیا!"
انہوں نے کہا، "اگر مجھے اس کی زبان سمجھ آتی تو یقیناً میں اسے ضرور جواب دیتا، لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ جواب زبان سے نہیں، بلے سے دوں گا۔"
جے وردھنے نے مزید کہا: "میں اور میرے ساتھی اوپنر لاستھ نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اب بالکل بھی کوئی غلطی نہیں کرنی، اور یہ میچ ہمیں ہر حال میں جیت کر دکھانا ہے۔"
ان کا کہنا تھا:"کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جسے آپ صرف اپنی محنت اور پرفارمنس سے ہی جیت سکتے ہیں، چالاکیوں سے نہیں۔ اس لیے ہم نے چالاکیوں کے بجائے اپنی بیٹنگ پر توجہ رکھی اور میچ جیت لیا۔"