ایشیا کپ، پاکستان ہانگ کانگ کو کچلتے ہوئے سپر فور مرحلے میں داخل

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر قومی فاسٹ بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔پوری ٹیم صرف  38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔

یوں پاکستان نے 155 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔شاداب خان نے 4،محمد نواز نے 3 اور نسیم شاہ نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ہانگ کا نگ کا کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگرمیں داخل نہ ہوسکا۔ کپتام نزاکت خان 8 رنز بناکر نمایاں رہے۔

شارجہ میں کھیلےگئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے ، محمد رضوان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔قومی ٹیم نے آخری اوور میں خوشدل کے 4 چھکوں کی بدولت 29 رنز اسکور کیے۔

ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا،13 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔تاہم ایک وکٹ گرنے کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 116 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر فخر 41 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے اختتامی اوورز میں محمد رضوان اور خوشدل شاہ نے تیز ی سے رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 193 رنز تک پہنچایا۔خوشدل شاہ نے اننگز کے آخری اوور میں 4 چھکے لگائے، وہ 15 گیندوں پر 35 رنز جبکہ رضوان 57 گیندوں پر 78 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ہانگ کانگ کی جانب سے احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: newseditor