پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 21 ٹی20 میچ کھیلے جاچکے ہیں تاہم ان کھیلے گئے 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے کوئی میچ پاکستان کی سرزمین پر نہیں کھیلا گیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کراچی میں کھیلا جائیگا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سے 12 میچ انگلینڈ اور 8 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے جبکہ ایک میچ ویسٹ انڈیز میں کھیلا گیا تھا۔ پاکستان نے انگلینڈ کو اس کے ہوم گرانڈ پر 4 میچوں میں شکست دی جبکہ انگلینڈ 7 میچوں میں فاتح رہا، اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے 8 میچوں میں سے پاکستان نے 2 جیتے اور 6 میں شکست کا سامنا کیا۔ ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے میچ میں بھی پاکستان انگلینڈ کو شکست نہ دے سکا۔اس طرح مجموعی طور پر کھیلے گئے 21 میچوں میں سے پاکستان صرف 6 مرتبہ فاتح رہا اور 14 مرتبہ ناکامی کا سامنا کیا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے ان مقابلوں میں انگلینڈ کی کامیابی کا تناسب 67.5 فیصد رہا اور یوں اسے پاکستان پر واضح برتری حاصل رہی۔