صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہاکہ امن و کھیلوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ کھیل دنیاکے ممالک و قوموں کے درمیان فاصلے کم کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز امن و کھیل کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں کیا۔اس موقع پرسابق صوبائی وزیرکھیل سید عاقل شاہ، سابق آئی جی سید اختر علی شاہ، سابق آئی جی ملک نوید خان، کوریا سے تعلق رکھنے والے صدرایشیئن سپورٹس جرنلسٹ فیڈریشن ہی ڈان جانگ(Hee Din Jung)، نیپال سے نیرنجن (Niranjan)، سعودیہ عرب کے اواد بن مبارک (Awad Bin Mubarak)، سری لنکا کے راماکرشن کاروپائی (Ramakrihnan Karuppaih)، ملائیشیاء سے تعلق رکھنے والے اظہر اتن (Izahar Atan)، آزربائیجان سے الدر اسماعیلوف(Eldar Ismayilov)، عمانیوئیل (Emanuel Fantanean)، ہنگری کی آنا زیلاگئی(Anna Szilagyi)، یورپ سے تعلق رکھنے والی نرگس محمودزادئے(Nargiz Mahmudzade)، افغانستان اور دیگرممالک کے مندوبین، ایشیئن سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ، سکواش لیجنڈ قمر زمان، چیئرمین کے پی ٹینس ایسوسی ایشن پروفیسرڈاکٹر محمد طاہراور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، محکمہ کھیل خیبرپختونخوا، بینک آف خیبر، اے آئی پی ایس ایشیاء اور خیبرپختونخوا سپورٹس رائیٹرز ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے پشاور پی سی ہوٹل میں جاری کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنارہے ہیں۔ کھلاڑیوں کو کھیلوں کے مواقع میسرکئے جا رہے ہیں جن سے وہ استفادہ کرکے دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہاکی اور سکواش میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
فخر کی بات ہے کہ قومی ٹیم میں اس وقت گیارہ میں سے سات کھلاڑی خیبرپختونخوا سے کھیل رہے ہیں۔ اولمپک میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے سپورٹنگ کلچر ڈیویلپ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر قطر فٹبال ورلڈ کپ کے بارے میں ایشیاء کی پہلی کتاب کی رونمائی کی۔سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم نے اپنے وقت میں انتہائی مشکل حالات میں دو انٹرپراونشل گیمز اور قومی کھیلو ں کا انعقاد کرایا۔ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے ذریعے دنیا کو امن کا پیغام دیا۔ تقریب میں کوریا سے تعلق رکھنے والے صدرایشیئن سپورٹس جرنلسٹ فیڈریشن ہی ڈان جانگ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پشاور میں انٹرنیشنل امن و سپورٹس کانفرنس سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے اس سے دنیا بھر میں امن کا پیغام گیااور کھیلوں کے صحافیوں کیلئے یہ کانفرنس یادگار بن گئی
جس میں دنیا کے دس ممالک سے 13 سے زائد مندوبین نے شرکت کی ہے اور اس کیساتھ پاکستان بھر سے 200 سے زائد صحافیوں نے شرکت کی اور کھیلوں کے فروغ و ترقی کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ کانفرنس کے پہلے روز مختلف سیشنز میں عالمی اور ایشیئن سپورٹس صحافیوں کے ویڈیو پیغامات بتائے گئے۔ کانفرنس کے دوران فیفا ورلڈ کپ 2022 قطر کے بارے میں بہترین ڈاکومنٹری پیش کی گئی جس میں صحافیوں اور مندوبین نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ کانفرنس کے پہلے روز غیرملکی مندوبین اور صحافیوں میں خصوصی سوینئر پیش کئے گئے۔