پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کے کھلاڑی کے ساتھ اس وقت تلخ کلامی ہوئی جب اس نے سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر جلد گرائونڈ سے باہر نہ جانے پر مجھ پر تنقید کی۔رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو میچ کے 65 ویں منٹ میں گرائونڈ میں اپنے متبادل کھلاڑی کو بھیجے جانے پر ناراض نظر آئے۔کرسٹیانو رونالڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے متبادل کھلاڑی کو بلانے پر جنوبی کوریا کے کھلاڑی نے مجھ سے کہا کہ جلدی گرائونڈ سے باہر جائو۔
سٹار فٹبالر نے کہا کہ میں نے جنوبی کوریا کے فٹبالر کو خاموش رہنے کا جواب دیا کیونکہ اس کے پاس کوئی اختیار نہیں۔کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ اگر میں تیزی سے نہیں جارہا تھا تو ریفری کو کہنا چاہیے تھا، اس معاملے میں کوئی تنازع نہیں ہونا چاہیے، یہ صرف میچ کے دوران کی گرما گرمی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا نے پرتگال کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی تھی۔