راولپنڈی میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، میچ کے پانچویں دن پاکستان کی ٹیم کو جیت کیلئے 263 رنز جبکہ انگلینڈ کو پاکستان کی آٹھ وکٹیں درکار ہیں، تفصیلات کے مطابق میچ کے چوتھے روز کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنا لئے تھے اور اسے میچ جیتنے کیلئے مزید 263 رنز درکار ہیں، وکٹ پر امام الحق 43 اور سعد شکیل 24 رنز کے ساتھ موجود تھے، قبل ازیں انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 264 رنز سات کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم جو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف دیا تھا، انگلینڈ کی جانب سے زاک کرالے پچاس، جو روٹ 73، ہیری بروک 87 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، محمد علی اور زاہد محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر اظہر علی انگلی پر چوٹ آنے کی وجہ سے بیٹنگ جاری نہیں رکھ سکے اور دوسری اننگز میں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین واپس چلے گئے، میچ کے پانچویں اور آخری روز وہ بیٹنگ کیلئے آئیں گے یا نہیں اس کا ابھی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔