انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق آل رائونڈر اینڈریو فلنٹوف کار حادثے میں زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینڈریو فلنٹوف ایک برطانوی ٹی وی شو ‘ٹاپ گیئر’ کی ریکارڈنگ کے دوران کار حادثے کا شکار ہوئے ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد موقع پر ہی موجود ٹیم کی جانب سے دی گئی اور پھر ہوائی جہاز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق آل رائونڈر کا ہسپتال میں علاج جاری ہے جب کہ ان کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ کار کی رفتار تیز نہیں تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد شو کی شوٹنگ کو روک دیا گیا ہے اور جب تک اینڈریو فلنٹوف مکمل صحتیاب نہیں ہوجاتے شوٹنگ نہیں کی جائے گی۔خیال رہے کہ 2019 میں بھی اینڈریو فلنٹوف کی کار 125 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ رہی تھی جو حادثے کا شکار ہوگئی تھی، اس دوران بھی آل رائونڈر ٹاپ گیئر کی ایک قسط کی ریکارڈنگ کررہے تھے۔