آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ مجھے زندگی میں کوئی ندامت نہیں ہے، یہاں کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہے آپ خود اپنا راستہ بناتے ہیں۔ایک انٹرویو میں بال ٹیمپرنگ ایشو کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ آپ کو اس وقت تک کسی کو نہیں پرکھنا چاہیے جب تک آپ خود پرفیکٹ نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ روبوٹ بن کر ہر کسی کو خوش رکھنے کی کوشش کریں تو اس سے فائدہ نہیں ہوتا اور یہاں ہر کسی کو خوش رکھا بھی نہیں جا سکتا۔ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ ماضی میں جو کچھ بھی ہوا اس نے مجھے ایک فرد بنایا، آج شاید میں جہاں ہوں اس ماضی کے عمل کی وجہ سے ہوں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ میرے ارد گرد کے لوگوں کا سرکل بہت چھوٹا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جن پر میں اعتماد کرتا ہوں، میں کوئی نصیحت لینے کے لیے انہی کے پاس جاتا ہوں۔آسٹریلوی کھلاڑی نے یہ بھی کہا کہ مجھے کوئی پچھتاوا نہیں، میں اس وقت جہاں ہوں، انجوائے کر رہا ہوں، جو لوگ میرے قریبی تھے انہوں نے میرا خیال رکھا، آرگنائزیشن میں سے کسی نے نہیں۔