کوشش ہو گی ذمہ داری کو پوری ایمانداری سے نبھائوں، شاہد آفریدی

عبوری سلیکشن کا چیئرمین مقرر ہونے پر سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے مجھے اس قابل سمجھا اور ایک بھاری ذمہ داری مجھے سونپی، میری پوری کوشش ہو گی کہ میں اس ذمہ داری کو پوری ایمان داری کے ساتھ نبھائوں، اپنے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم جیت کی راستے پر دوبارہ گامزن ہوں اور میں توقع کرتا ہوں کہ میرٹ پر بہترین فیصلے کرکے ہم جیت کی طرف دوبارہ جاسکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہو گی کہ قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین مدد فراہم کی جائے تاکہ کامیابی حاصل کرسکیں، ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد سلیکشن کمیٹی کا اجلاس بلا کر دوسرے ممبران کے ساتھ اپنے پلان کو شیئر کروں گا ، یاد رہے کہ شاہد آفریدی 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 99 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں

 

ان کا کرکٹ کیریئر 1996 سے 2018 تک محیط ہے اس دوران انہوں نے مجموعی طور پر 11196 رنز سکور کئے ہیں اور 541 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، شاہد خان آفریدی نے 83 بین الاقوامی میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کی ہے ، شاہد خان آفریدی اس ٹیم کے رکن تھے جس نے یونس خان کی قیادت میں 2009 میں لارڈز کے تاریخی میدان میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا، سلیکشن کمیٹی میں شامل عبدالرزاق کرکٹ کیریئر سترہ سال پر محیط ہے جو 1996 سے شروع ہو کر 2013 میں اختتام پذیر ہوا اس دوران انہوں نے پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر 343 انٹرنیشنل میچ کھیل کرمجموعی طور پر 7419 رنز سکور کئے جبکہ 389 وکٹیں بھی حاصل کیں عبدالرزاق بھی 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، رائو افتخار انجم نے پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ، 62 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیںرائون افتخار انجم کا کرکٹ کیریئر 2004 میں شروع ہوا اور 2010 میں اختتام پذیر ہو گیا۔

تعارف: newseditor